آلودگی سے پاک سی این جی سے چلنے والی گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ

   


حیدرآباد میں مزید 20 نئے سی این جی اسٹیشن، پٹرول کی قیمت میں اضافہ سے عوام کو دشواریاں
حیدرآباد: آلودگی سے پاک گا ڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے حیدرآباد میں قائم کردہ سی این جی اسٹیشنوں کا حوصلہ افزاء ردعمل منظر عام پر آیا ہے۔ بھاگیہ نگر گیس لمٹیڈ میں حیدرآباد میں مزید 20 نئے سی این جی اسٹیشنوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ مارچ کے اختتام تک نئے اسٹیشن قائم کردیئے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق باچوپلی فینانشیل ڈسٹرکٹ گچی باؤلی ، شیر لنگم پلی ، یوسف گوڑہ ، موسیٰ پیٹ اور دیگر علاقوں میں سی این جی فیلنگ اسٹیشن قائم کئے جارہے ہیں ۔ گیس اتھاریٹی آف انڈیا لمٹیڈ اور ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن لمٹیڈ کے جوائنٹ وینچر کے طور پر بھاگیہ نگر گیس لمٹیڈ نے ابھی تک 80 سی این جی اسٹیشن قائم کئے ہیں جو پٹرولیم اور قدرتی گیس کے اداروں کی جانب سے چلائے جارہے ہیں۔ مزید 20 اسٹیشنوں کے قیام کے بعد سی این جی اسٹیشنوں کی تعداد بڑھ کر 100 ہوجائے گی ۔ آئیل اور گیس کمپنیوں کی جانب سے اراضی فراہم کی جاتی ہے جبکہ بھاگیہ نگر گیس لمٹیڈ ضروری انفراسٹرکچر فراہم کرتے ہوئے گیس سربراہ کرتا ہے۔ کمپنی کی جانب سے روزانہ تقریباً ایک لاکھ کیلو گرام سی این جی تقسیم کی جارہی ہے ۔ مینجنگ ڈائرکٹر بی جی ایل کے مطابق پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے پیش نظر حیدرآباد میں آلودگی سے پاک گاڑیوں کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ سی این جی کے استعمال سے نہ صرف ماحولیات کا تحفظ ہوگا بلکہ مالکین کو اخراجات میں کمی ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے مقابلہ سی این جی سے 40 فیصد اخراجات کی بچت ہوگی ۔ ہر اسٹیشن سے روزانہ 1000 تا 1500 کیلو گرام سی این جی سربراہ کی جاتی ہے۔ شہر میں سی این جی سے چلنے والی گاڑیوں کی تعداد تقریباً 50,000 ہے۔ فور وہیلر گاڑیوں کے علاوہ آٹو رکشا کی قابل لحاظ تعداد سی این جی سے چلتی ہے۔ بعض کمپنیوں کی گاڑیاں اور آر ٹی سی کی 130 بسیں سی این جی سے چلائی جارہی ہے۔ سی این جی کی قیمت فی کیلو گرام 64 روپئے ہے اور پٹرول کے مقابلہ اس کی قیمت 30 روپئے کم ہوتی ہے جبکہ ڈیزل کے مقابلہ سی این جی 24 روپئے سستا ہے۔ حالیہ عرصہ میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کو دیکھتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میں سی این جی گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے ۔ 2019 ء میں پہلی مرتبہ 15 سی این جی اسٹیشن قائم کئے گئے تھے ۔ ماہرین کے مطابق سی این جی سے چلنے والا انجن دیگر گاڑیوں کے مقابلہ بہتر کارکردگی کا حامل ہوتا ہے۔