اور مہلوکین کے خاندانوں سے اظہار تعزیت
نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ جموں کشمیر کے پہلگام علاقے میں سیاحوں پر دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس المناک واقعہ میں مرنے والوں اور شدید طور پر زخمی ہو جانے والے افراد کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کر تا ہے ۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کل جموں وکشمیر کے پہلگام میں ہو ئے دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کر تے ہو ئے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد اس واقعہ کی تحقیق کر وائے اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے ۔مولانا نے اس حادثہ میں مر نے والے اور شدید طور پر زخمی ہو جانے والے افراد کے خاندانوں سے تعزیت کر تے ہو ئے کہا کہ ہماری دلی ہمدردی آپ کے ساتھ ہے ۔ ہم حکومت ہند سے مطالبہ کر تے ہیں کہ وہ اس واقعہ کی جلد ازجلد تحقیق کر وائے اور ملوث پائے گئے افراد کے خلاف سخت کارروائی کر ے ۔مولانا نے اس پر سخت حیرت کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر میں سیکورٹی فورسز کی زبر دست موجودگی اور سرحدوں پر فوج کی تعیناتی اور چوکسی کے باوجود ایسے واقعات کیوں ہو جاتے ہیں؟
مسلم ورلڈ لیگ کی پہلگام دہشت گردانہ حملے کی مذمت
جدہ؍نئی دہلی: مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے منگل کی شام جدہ میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں ہونے والے خوفناک دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔وزیر اعظم مودی نے نئی دہلی میں جولائی 2023 میں سکریٹری جنرل کے ساتھ اپنی ملاقات کو یاد کیا۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے رواداری کی اقدار کو فروغ دینے ، اعتدال پسندی کی وکالت کرنے اور سماجی ہم آہنگی آگے بڑھانے میں مسلم ورلڈ لیگ کے کردار کی ستائش کی ۔ہندوستان کے پرانے فلسفہ واسودھیو کٹمبکم (دنیا ایک خاندان ہے)کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے نوٹ کیا کہ ہندوستان ایک کثیر ثقافتی، کثیر لسانی، کثیر نسلی اور کثیر مذہبی سماج کے طور پر کثرت میں وحدت کا جشن مناتا ہے ۔ ہندوستان کا ناقابل یقین تنوع ایک قابل قدر طاقت ہے جس نے اس کے متحرک معاشرے اور سیاست کو شکل دی ہے ۔ انہوں نے انتہا پسندی، دہشت گردی اور تشدد کے خلاف مسلم ورلڈ لیگ کے مضبوط موقف کی ستائش کی ۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، جو آج کئی شعبوں میں پائیدار ساجھیداری میں تبدیل ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قریبی سماجی-ثقافتی تعلقات اس ساجھیداری کے ایک اہم پہلو ہیں۔
پہلگام حملہ پر یونس کی مذمت
ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے خلاف ڈھاکہ کے مضبوط موقف کی تصدیق کی ہے ۔ یونس نے ، جو قطر کے دورے پر ہیں، آج وزیر اعظم نریندر مودی کے نام ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ حملے میں جان ومال کے نقصان پر میری گہری تعزیت قبول کریں۔
ہم اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔”
انہوں نے کہا، ‘‘میں ایک بار پھر دہشت گردی کے خلاف بنگلہ دیش کے مضبوط موقف کی توثیق کرتا ہوں۔’’