مرکزی اسکیمات پر عمل آوری ، وزیرفینانس نرملا سیتا رامن اور چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی شرکت
حیدرآباد ۔17 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن کے ہمراہ مختلف عوامی شعبہ کے بینکوں کی جانب سے مرکزی اسکیمات کے ایک لاکھ سے زائد استفادہ کنندگان میں 3216کروڑ کا قرض جاری کیا۔ اس سلسلہ میں پلناڈو ضلع میں جلسہ عام منعقد کیا گیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا مقصد عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ سیلف ہیلپ گروپس ، چھوٹے تاجروں ، صنعت کاروں اور روز مرہ کاروبار کرنے والے افراد کو کریڈٹ کے طورپر بینکوں سے قرض فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں عوام قرض کے لئے بینکوں سے رجوع ہوتے تھے لیکن آج بینکس خود عوام تک پہنچ کر کریڈٹ فراہم کر رہے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ زرعی شعبہ کے لئے 2363 کروڑ قرض منظور کیا گیا جبکہ چھوٹے اور متوسط صنعتوں کیلئے 325 کروڑ اور ہاؤزنگ ، ایجوکیشن ، گاڑیوں اورسولار پاور یونٹس کیلئے 624 کروڑ قرض منظور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے بینکوں سے مدد لی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امراوتی کی ترقی کے علاوہ پولاورم پراجکٹ اور وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کے لئے مرکزی حکومت نے تلنگانہ کی مالی مدد کی ہے۔ ضمانت روزگار اسکیم جی رام جی کے تحت آندھراپردیش کو مرکز سے 7707 کروڑ حاصل ہوں گے۔ رائلسیما کی ترقی کیلئے 40,000 کروڑ کا منصوبہ ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے آندھراپردیش کی اسکیمات میں تعاون پر نرملا سیتارامن سے اظہار تشکر کیا۔ مرکزی وزیر اور چیف منسٹر نے یونین بینک کی جانب سے فراہم کردہ ایمبولنس گاڑیوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ نرملا سیتا رامن نے چندرا بابو نائیڈو اور نارا لوکیش سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی ۔ 1/k/k/b