حیدرآباد کے انیرودھ ریڈی کو انجینئرنگ زمرہ میں ٹاپ رینک
حیدرآباد ۔ 8 جون (سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں انجینئرنگ فارمیسی اور اگریکچرل کورسیس میں داخلوں کے لئے منعقدہ اے پی ایپسیٹ 2025 (AP-EAPCET) کے نتائج آج جاری کردیئے گئے۔ جے این ٹی یو کاکیناڈا کے وائس چانسلر پروفیسر سی ایس ار کے پرساد نے نتائج جاری کئے جو امتحانات کے کنوینر تھے۔ ایپسیٹ 2025 میں 75.67 امیدوار کوالیفائی قرار پائے ہیں۔ یونیورسٹی نے امتحانات کے انعقاد کے محض 12 دنوں میں نتائج جاری کرتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ایپسیٹ کے لئے آندھرا پردیش کے تمام اضلاع کے علاوہ حیدرآباد میں امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ 145 امتحانی مراکز پر 340,300 امیدواروں نے شرکت کی جبکہ امتحان کے لئے 362,448 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی تھیں۔ مجموعی طور پر 257,509 یعنی 75.67 فیصد امیدوار کوالیفائی قرار دیئے گئے۔ اگریکچرل آف فارمیسی کورسیس کے لئے 19 اور 20 مئی کو چار سیشن میں امتحانات منعقد کئے گئے تھے۔ ان کورسیس کے لئے 75460 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 67761 امیدوار کامیاب رہے جن کا فیصد 89.80 ہوتا ہے۔ 21 تا 27 مئی انجینئرنگ کورسیس کے امتحانات دس سیشن میں منعقد کئے گئے۔ 264840 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 189748 کوالیفائی قرار پائے جن کا فیصد 71.65 ہوتا ہے۔ یونیورسٹی نے دونوں زمرہ جات میں ٹاپ 10 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ انجینئرنگ زمرہ میں حیدرآباد کے ونستھلی پورم سے تعلق رکھنے والے اے انیرودھ ریڈی نے 96.39 فیصد نشانات حاصل کرتے ہوئے ٹاپ رینک حاصل کرلیا۔ تروپتی ضلع کے سری کلا ہستی سے تعلق رکھنے والے بھانو چرن ریڈی نے 95.57 فیصد نشانات کے ساتھ دوسرا رینک حاصل کیا۔ مغربی گوداوری کے یشونت نے 94.75 فیصد نشانات حاصل کرتے ہوئے تیسرا رینک حاصل کیا ہے۔ اگریکچرل اور فارمیسی شعبہ میں کرشنا ضلع کے وینکٹ ناگاسائی کو پہلا جبکہ رنگاریڈی ضلع کے چندا نگر سے تعلق رکھنے والے پی نشانت کو دوسرا رینک حاصل ہوا۔ 1