7 اپریل کو کابینہ کا اجلاس، جگن 8 اپریل کو گورنر سے ملاقات کرسکتے ہیں
حیدرآباد۔/5اپریل، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کابینہ میں 11 اپریل کو بڑے پیمانہ پر ردوبدل کا امکان ہے۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے 7 اپریل کو کابینہ کا اجلاس طلب کیا جس میں کابینہ میں تبدیلیوں کی اطلاع دی جائیگی۔ کابینہ کا اجلاس 11 بجے دن طلب کیا گیا لیکن بعد میں اسے سہ پہر 3 بجے طلب کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ جگن کے دورہ دہلی اور دیگر مصروفیات کے پیش نظر یہ تبدیلی کی گئی ۔ توقع ہے کہ کابینی اجلاس میں ان وزرا سے استعفی حاصل کرلیا جائے گا جنہیں کابینہ سے علحدہ کیا جاسکتا ہے۔ ایسے وزراء کی خدمات پارٹی کیلئے حاصل کی جائیں گی۔ کابینی اجلاس کے بعد جگن 8 اپریل کو گورنر بسوا بھوشن ہری چندن سے ملاقات کریں گے اور وزراء کے استعفے حوالے کریں گے۔ اس کے علاوہ کابینہ میں شامل کئے جانے والے نئے وزراء کی فہرست حوالے کی جائے گی۔ توقع ہے کہ 11 اپریل کو سکریٹریٹ کے قریب کھلے علاقے میں حلف برداری ہوگی۔ اسمبلی انتخابات کیلئے دو سال باقی ہیں ایسے میں جگن موہن ریڈی نے کابینہ کو نیا رنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نئے چہروں کے ساتھ انتخابات کا سامنا کیا جاسکے۔ گزشتہ ڈھائی برسوں سے کابینہ میں شمولیت کے منتظر قائدین کی کمی نہیں ہے۔ گزشتہ کابینی اجلاس میں جگن نے وزراء سے کہا تھا کہ کابینہ سے علحدگی پر یہ تصور نہ کریں کہ انہیں نظر انداز کردیا گیا ہے۔ انتخابات میں کامیابی کے بعد انہیں دوبارہ کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ کابینہ میں بڑے پیمانہ پر تبدیلیوں کی اطلاعات کے دوران کئی دعویداروں نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔ر