آندھرا پردیش کے 2 ارکان اسمبلی کو ٹیلی فون ٹیاپنگ کی شکایت

   

حیدرآباد۔یکم؍ فروری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں برسراقتدار پارٹی کے دو ارکان اسمبلی نے فون ٹیاپنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے حکومت کیلئے اُلجھن پیدا کردی ہے۔ سابق وزیر اور وینکٹ گیری اسمبلی حلقہ کے رکن اے رام نارائن ریڈی نے کل الزام عائد کیا تھا کہ ان کے شخصی دو ٹیلی فون اور پرسنل اسسٹنٹ کے ٹیلی فونس ٹیاپ کئے جارہے ہیں۔ ایک اور رکن اسمبلی کے سریدھر ریڈی نے بھی ٹیلی فون ٹیاپنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے ثبوت مناسب وقت پر پیش کرنے کا اعلان کیا۔ نیلور( رورل ) اسمبلی حلقہ کے رکن سریدھر ریڈی نے کہا کہ انہوں نے آئندہ انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیلی فون ٹیاپنگ کے خلاف وہ مرکزی وزارت داخلہ سے شکایت کریں گے۔ انہوں نے جگن موہن ریڈی کی جانب سے توہین کی شکایت کی اور کہا کہ وہ برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی ہدایت پر ہی ٹیلی فون ٹیاپ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک آئی پی ایس عہدیدار نے انہیں ٹیاپنگ کی اطلاع دی اور 20 دن قبل ثبوت بھی حاصل ہوا۔ر