امراوتی 5 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) دریائے گوداوری میں سیلاب کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے اور پانی کی سطح بھی کم ہو رہی ہے تاہم صورتحال کے معمول پر آنے کیلئے تین دن درکار ہونگے کیونکہ آندھرا پردیش کے مشرقی اور مغربی گوداوری اضلاع کے سینکڑوں گاوں اب بھی زیر آب ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سیلاب کی دوسری وارننگ کی سطح کو کم کرتے ہوئے پہلی وارننگ کردیا گیا ہے کیونکہ شام میں دولیشورم میں سر آرتھر کاٹن بیاریج میں پانی کی آمد میں کمی آئی ہے اور یہ 11.32 لاکھ کیوسکس ہوگئی ہے کہا جا رہا ہے کہ تلنگانہ میں پرانہیتا پراجیکٹ سے چار لاکھ کیوسکس پانی کی نکاسی عمل میں آسکتی ہے اس لئے دریائے گوداوری میں پہلی وارننگ کا سگنل برقرار رکھا جائیگا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ چونکہ دریائے گوداوری کے آب گیر علاقوں میں بارش کا سلسلہ رک گیا ہے اس لئے آئندہ تین دنوں میںصورتحال میں بہتری پیدا ہوسکتی ہے ۔ چیف مسنٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی جو اسرائیل کے دورہ سے واپس ہوچکے ہیں انہوں نے اعلی عہدیداروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو مطلع کیا کہ زائد از 500 ٹی ایم سی فیٹ سیلابی پانی کو صرف چھ دنوں کے دوران خلیج بنگال میں بہادیا گیا ہے ۔ محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے بموجب مشرقی و مغربی گوداوری اضلاع زیادہ متاثرہیں۔