آن لائن دھوکہ بازوں نے فوجی جوان کے لاکھوں روپئے ہڑپ لئے

   

حیدرآباد 11 مئی (سیاست نیوز) مسلسل لاک ڈاؤن کے باوجود دھوکہ باز اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایک تازہ واقعہ میں آن لائن دھوکہ بازوں نے فوجی جوان اشون کمار کو نشانہ بناکر اس کے لاکھوں روپئے ہڑپ لئے۔ بتایا جاتا ہیکہ بجاج الیکٹرانکس کمپنی سے وابستگی کا دعویٰ کرتے ہوئے آن لائن دھوکہ بازوں نے فوجی جوان سے فون پر ربط کیا اور اُسے قرض فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ آسانی سے قرض دلانے کے بہانے ڈاکیومنٹ پراسیسنگ فیس، جی ایس ٹی وغیرہ کیلئے 4 لاکھ 31 ہزار روپئے دھوکہ بازوں نے فوجی جوان سے آن لائن منتقل کروالئے۔ کارروائی کی تکمیل کے بعد قرض کی فراہمی میں تاخیر پر جوان اشون کمار نے دھوکہ بازوں سے رابطہ کی کوشش کی لیکن مسلسل فون سوئچ آف ہونے پر اسے دھوکہ دہی کا شبہ ہوا۔ اشون نے سی سی ایس سائبر کرائم ٹیم سے شکایت درج کروائی جس پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔