آن لائین سسٹم آغاز کے بعد وقف بورڈ کی کارکردگی میں بہتری

   

حیدرآباد۔21۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے تین اہم شعبہ جات میں آن لائین سسٹم متعارف کرنے سے بے قاعدگیوں کے معاملات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں متعارف کردہ آن لائین سسٹم کے نتائج کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ ، قضاۃ سے سرٹیفکٹس کی اجرائی اور متولی و منیجنگ کمیٹیوں کی درخواستوں کے آن لائین ادخال سے عوام کو سہولت ملی ہے اور درمیانی افراد کا رول ختم ہوچکا ہے۔ شاہنواز قاسم نے کہا کہ کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے وہ عہدیداروں اور ملازمین کے بڑے پیمانہ پر تبادلہ کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ گزشتہ دنوں تقریباً 12 ملازمین اور عہدیداروں کے تبادلے کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائین سسٹم متعارف کرنے سے درخواست گزاروں کو سہولت ہوئی ہے اور گھر بیٹھے سرٹیفکٹس پہنچائے جارہے ہیں۔ سرٹیفکٹس کی ترسیل کیلئے خانگی کمپنی سے معاہدہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکمہ جات میں درخواستوں کے ادخال کیلئے آن لائین سسٹم متعارف کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ عوام سرکاری خدمات کو گھر بیٹھے حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے وقف بورڈ کی کارکردگی میں آن لائین سسٹم متعارف کرنے کے بعد بہتر آئی ہے۔ شاہنواز قاسم نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کیلئے تجاویز پیش کریں۔ ر