آوٹر رنگ روڈ کے 30 سالہ لیز کیلئے اڈانی کمپنی کی دلچسپی

   

حکومت کو 8 ہزار کروڑ کی آمدنی کا امکان
حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) اڈانی انٹر پرائزس کے ملحقہ ادارہ اڈانی روڈ ٹرانسپورٹ لمیٹیڈ نے نہرو آوٹر رنگ روڈ کے مینٹننس کی لیز حاصل کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے۔ اڈانی روڈ ٹرانسپورٹ لمیٹیڈ ان 12 کمپنیوں میں شامل ہے جنہوں نے آوٹر رنگ روڈ کے 30 سالہ مینٹننس کیلئے ٹنڈر داخل کیا ہے۔ ریاستی حکومت آوٹر رنگ روڈ کی لیز کے ذریعہ تقریباً 8 ہزار کروڑ کی آمدنی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے 158 کیلو میٹر طویل آوٹر رنگ روڈ کی لیز کیلئے ٹنڈرس طلب کئے ہیں۔ اس لیز کے تحت آپریشن، مینٹننس اور ٹرانسفر 30 سالہ لیز پر مبنی ہوگا۔ ایچ ایم ڈی اے نے لیز کی تکمیل کیلئے کنسلٹنٹ کا تقرر کیا ہے۔ لیز حاصل کرنے کے خواہشمند اداروں کو ٹنڈر پراسیسنگ فیس کے طور پر 15 کروڑ روپئے ادا کرنے ہوں گے اور ٹنڈر الاٹمنٹ کے فوری بعد 1500 کروڑ جمع کرنے ہوں گے باقی رقم اندرون 120 دن کنٹراکٹ کے حصول کے بعد ادا شدنی رہے گی۔ ایچ ایم ڈی اے کے ذرائع کے مطابق اڈانی روڈ ٹرانسپورٹ لمیٹیڈ کے علاوہ آئی آر بی انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ لمیٹیڈ، کیوب ہائی ویز اینڈ ٹرانسپورٹیشن اور ایل اینڈ ٹی نے ٹنڈر داخل کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے۔ ایچ ایم ڈی اے کی ماقبل ٹنڈر میٹنگ میں کئی نامور اداروں نے حصہ لیا تھا۔ اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے بتایا کہ آوٹر رنگ روڈ کی 30 سالہ لیز کیلئے غیر معمولی ردعمل ہے اور ٹنڈرس کے ادخال کی آخری تاریخ 16 فروری مقرر کی گئی ہے۔ ایچ ایم ڈی اے کو سالانہ ٹول فیس کے طور پر ایگل انفرا کمپنی سے 415 کروڑ حاصل ہورہے ہیں۔ اگر آوٹر رنگ روڈ کو 30 سالہ لیز پر دیا جائے تو ایچ ایم ڈی اے کو کمپنی سے مناسب رقم حاصل ہوگی اور مینٹننس کی ذمہ داری ایچ ایم ڈی اے سے ہٹ جائے گی۔ واضح رہے کہ گذشتہ دو برسوں سے حکومت آوٹر رنگ روڈ کو لیز پر دینے کی تیاری شروع کی ہے۔ر