آٹو چارجس پر عنقریب نظرثانی اور خصوصی ویلفیر بورڈ کے قیام کا تیقن

   

عہدیداروں کی کمیٹی، الیکٹرک آٹو میں تبدیلی کیلئے دیڑھ لاکھ سبسیڈی، ہڑتال سے دستبرداری کیلئے پونم پربھاکر کی اپیل
حیدرآباد۔ 23 اگست (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آٹو ڈرائیورس سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی مجوزہ ہڑتال سے دستبرداری اختیار کریں کیونکہ حکومت آٹو ڈرائیورس کی بھلائی کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ آٹو ڈرائیورس کی بھلائی کیلئے ویلفیر بورڈ کے قیام کو ریاستی کابینہ نے منظوری دی ہے جبکہ آٹو چارجس پر نظرثانی کیلئے عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جہاں آٹو ڈرائیورس کے نمائندے رجوع کر اپنے مسائل پیش کرسکیں گے۔ کمیٹی آٹو چارجس پر نظرثانی کی حکومت کو سفارشات پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت آٹو ڈرائیورس کی بھلائی کی پابند ہے اور ہڑتال سے مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔ اپنے انتخابی حلقہ حسن آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ 2015 سے آٹو چارجس میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ پٹرول ، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت چارجس پر نظرثانی کیلئے خصوصی کمیٹی عنقریب تشکیل دیگی۔ آٹو ڈرائیورس نمائندے کمیٹی سے رجوع ہو کر اپنے مسائل پیش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے آٹو ڈرائیورس کی بھلائی کیلئے ویلفیر بورڈ کی منظوری دی ہے اور جلد بورڈ کے رہنم خطوط کو قطعیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کی گئی اسی طرح حکومت آٹو ڈرائیورس کے مسائل حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں آٹو ڈرائیورس کو زیادہ مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حیدرآباد کو آلودگی سے پاک بنانے پٹرول اور ڈیزل کے آٹوز کو الیکٹرک آٹو میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت مستحق آٹو ڈرائیورس کو حکومت کی جانب سے 1.5 لاکھ روپے سبسیڈی فراہم کی جائے گی۔ اسکیم کے لئے حکومت نے 200 کروڑ مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی آٹو ڈرائیور اپنے قدیم آٹو کو ختم کرتے ہوئے نیا الیکٹرک آٹو خریدنا چاہے تب بھی حکومت 1.5 لاکھ روپے سبسیڈی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کی تفصیلات کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا جس کے تحت آٹو ڈرائیورس سبسیڈی کے لئے درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی آر ٹی سی اور آٹو ڈرائیورس کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے اور آٹو ڈرائیورس کو حکومت پر بھروسہ کرکے اپنی حڑتال سے دستبرداری اختیار کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام فلاحی اسکیمات میں آٹو ڈرائیورس کو بھی شامل کیا جائے گا۔ راشن کارڈ کی اجرائی، غریبوں کو 200 یونٹ مفت برقی اور خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت جیسی اسکیمات سے حکومت کی سنجیدگی کا اظہار ہوتا ہے۔ مذکورہ اسکیمات سے آٹو ڈرائیورس کے افراد خاندان بھی استفادہ کررہے ہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ہڑتال سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ عوام کے لئے دشواریاں پیدا ہوں گی۔ 1؍F