آٹو ڈرائیور کا خواب پورا، بیٹے کو آئی آئی ایم میں داخلہ

   

حیدرآباد۔ یکم مئی، ( سیاست نیوز) محنت اور مشقت کے ساتھ ساتھ تعلیم کے حصول کا جذبہ موجود ہو تو غربت کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ایک آٹو ڈرائیور نے اپنے بیٹے کی اعلیٰ تعلیم کیلئے جو خواب دیکھا تھا وہ آخر کار پورا ہوا اور بیٹے کو احمد آباد کے آئی آئی ایم میں داخلہ مل گیا۔ لکشمی کانت ریڈی کا خاندان بنیادی طور پر زراعت سے وابستہ ہے لیکن معاشی پریشانیوں کے سبب والد آٹو رکشا چلایا کرتے۔ وہ اپنے آٹو میں اسکولی بچوں کو ڈراپ کرنے کا کام کرتے تھے۔ ان کا خواب تھا کہ ان کے بیٹے لکشمی کانت ریڈی کو کسی کانونٹ اسکول میں داخلہ ملے بلکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرے۔ بتایا جاتا ہے کہ فالج کے حملہ کے بعد والد نے آٹو رکشا چلانا چھوڑ دیا۔ لکشمی کانت ریڈی نے تلگو میڈیم سے ساتویں جماعت تک تعلیم حاصل کی بعد میں کانونٹ اسکول میں داخلہ لیا۔ دسویں جماعت میں اسکالر شپ کے ذریعہ جونیر کالج میں داخلہ ملا، اور 2016 میں میکانیکل انجینئرنگ میں بی ٹیک کی تکمیل کی۔ والد کی خرابی صحت کے باوجود لکشمی کانت ریڈی نے اخراجات اور فیس کی تکمیل کیلئے ٹیوشن پڑھائے۔ 2019 میں حیدرآباد کی ایک سافٹ ویر ڈیولپمنٹ کمپنی سے وابستہ ہونے کے بعد اس نے جہد مسلسل کے ذریعہ آئی آئی ایم احمد آباد میں داخلہ حاصل کیا۔ ر