کابینہ کا اجلاس ، ہندوستانی افواج کی ستائش ، دارالحکومت امراوتی کے نام کو شامل کرنے مرکز سے سفارش
حیدرآباد ۔ 8۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو کی صدارت میں آندھراپردیش کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں علحدہ آندھراپردیش ریاست کے دارالحکومت کی جگہ امراوتی نام شامل کرنے کی تجویز کو کابینہ نے منظوری دے دی ۔ تنظیم جدید قانون میں امراوتی کا نام شامل کرتے ہوئے قانون میں ترمیم کے خلاف قرارداد منظور کی گئی ۔ یہ قرارداد مرکزی حکومت کو روانہ کی جائے گی تاکہ پارلیمنٹ میں تنظیم جدید قانون میں ترمیم کی جاسکے۔ دارالحکومت امراوتی کے ترقیاتی کاموں کے آغاز کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کی آمد پر کابینہ نے اظہار تشکر کیا۔ دارالحکومت امراوتی کی ترقی کیلئے مختلف خانگی اداروں کو اراضی الاٹ کرتے ہوئے کابینہ نے فیصلہ کیا۔ کابینہ نے کسانوں اور خواتین سے متعلق دو علحدہ اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ ساحلی علاقوں میں سیکوریٹی انتظامات اور دفاعی تنصیبات پر چوکسی کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے ہندوستانی افواج کی جانب سے پاکستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر آپریشن سندور کے تحت کی گئی کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہندوستان کی مسلح افواج کی زبردست ستائش کی ۔ کابینہ نے اس کارروائی کو آپریشن سندور کا نام دیئے جانے کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ نام عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔ کابینہ نے آندھراپردیش میں جاری مختلف فلاحی اسکیمات کے لئے موزوں ناموں کا جائزہ لیا ۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پیدا ہوئی حالیہ کشیدگی میں اضافہ کے پس منظر میں وشاکاپٹنم ، مچھلی پٹنم اور دیگر ساحلی علاقوں میں سیکوریٹی انتظامات اور چوکسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے سیاحت کو فروغ دینے کیلئے پالیسی کو منظوری دی ہے ۔ کابینہ نے مرکزی حکومت کے پاس زیر التواء تین مختلف بلز کی عاجلانہ منظوری کی درخواست کی۔1