کرنل صوفیہ قریشی کے رول سے مسلم لڑکیوں کو ترغیب دینا مقصد: چیئرمین مدرسہ بورڈ
جودھ پور۔24؍مئی (ایجنسیز ) راجستھان کے جودھ پور میں مدرسہ بورڈ نے ایک تاریخی قدم اٹھانے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت مدرسہ کے نصاب میں ہندوستانی فوج کی مہم جوئی ‘آپریشن سندور’ کی کہانی پر غور کیا جا رہا ہے۔ بورڈ کے چیئرمین ایم ڈی چوپدار نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد خاص طور پر مسلم لڑکیوں کو ترغیب دینا ہے۔ انہیں کرنل صوفیہ قریشی جیسی بیٹیوں کا علم ہونا چاہیے۔ یہ فیصلہ نہ صرف حب الوطنی کو فروغ دے گا بلکہ مدرسہ کی تعلیم کو جدید اور متاثر کن بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔ایم ڈی چوپدار جو کہ خود بھی ایک فوجی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں نے کہا کہ میں ایک فوجی خاندان سے ہوں اور جانتا ہوں کہ ملک کیلئے قربانی اور حوصلے کا کیا مطلب ہے۔ آپریشن سندور کی کہانی مدرسوں میں پڑھائی جانی چاہیے، خاص طور پر لڑکیوں کو کیونکہ کرنل صوفیہ قریشی جو کہ مسلم کمیونٹی کی بیٹی ہیں نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔آپریشن سندور، مئی 2025 میں ہندوستانی فوج کی طرف سے کیا گیا جو ہندوستان کی طرف سے پاکستان اور پی او کے میں دہشت گرد کیمپوں کے خلاف ایک فضائی حملہ تھا۔ اس آپریشن کی جانکاری کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے پریس کانفرنس میں دی جس نے ملک بھر میں تہلکہ مچا دیا۔ کرنل صوفیہ جن کا تعلق وڈودرا، گجرات سے ہے اور وہ بائیو کیمسٹری میں پوسٹ گریجویٹ ہیں۔انہوں نے اس مہم کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی کامیابیاں مدرسہ بورڈ کیلئے تحریک کا باعث بنی ہیں۔