آپریشن مسکان میں سائبرآباد پولیس سب سے آگے

   

541 بچے آزاد ، کمشنر پولیس وی سی سجنار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /5 اگست ( سیاست نیوز ) کمسن بچوں کو مزدوری اور دیگر سماجی لعنتوں سے آزاد کروانے کیلئے جاری آپریشن مسکان میں سائبرآباد پولیس سب آگے ہیں ۔ آپریشن مسکان کی عمل آوری میں سائبرآباد پولیس نے نیا ریکارڈ بنایا ہے اور ریاست بھر میں سرفہرست مقام حاصل کرلیا ہے ۔ بچہ مزدوری کے خاتمہ اور بچوں کو مزدوری گداگری ، سڑکوں پر بے پرواہ چھوڑ دئے جانے سہارا ہوتے ہوئے بھی بے سہارا ان بچوں کو پولیس نے اپنے خصوصی مشن سے راحت فراہم کی ہے ۔ آپریشن مسکان کے 5 ویں مرحلہ کے تحت اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بتایا کہ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ میں کل 541 بچوں کو آزاد کروایا گیا ہے اور پولیس نے آپریشن مسکان کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا تھا اور بہترین عہدیداروں کو وقف کیا گیا ۔ اس مشن کے تحت پولیس نے جدید ٹیکنالوجی استعمال میں لایا اور درپن ایپ کو استعمال کیا گیا تاکہ گمشدہ بچوں کی تفصیلات بھی حاصل کی جاسکے ۔ اس درپن ایپ کے ذریعہ بچوں کے چہروں کی شناخت کی گئی کمشنر پولیس سائبرآباد نے بتایا کہ کل 541 بچوں کو آزاد کروایا گیا جن میں 483 لڑکے اور 58 لڑکیاں ہیں ۔ پولیس نے اس دوران 247 ایف آئی آر درج کئے اور ان میں 62 بچوں کو ان کے والدین اور سرپرستوں کے حوالے کیا گیا ۔ اس کے علاوہ 479 بچوں کو راحت کاری سنٹر ( ریسکیو ہوم ) منتقل کیا گیا جن میں 22 لڑکیاں بھی پائی جاتی ہیں ۔ کمشنر پولیس کے مطابق 246 مزدوری کرنے والے بچے تھے ۔ جبکہ 39 بچے بھیک مانگ رہے تھے اور 33 بچے کچرہ چننے پر مجبور تھے ۔ پولیس نے انہیں آزاد کروالیا اور راحت کاری سنٹر منتقل کیا گیا ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد نے بتایا کہ سائبرآباد کے 9 ڈیویژنس میں کل 9خصوصی ٹیموں کو تشکیل رکھا تھا اور ہر ٹیم کی ذمہ داری ایک انسپکٹر سطح کے عہدیدار کو دی گئی تھی جبکہ تمام آپریشن مسکان کی نگرانی ڈی سی پی انوسیا کو دی گئی تھی ۔ کمشنر پولیس نے سائبرآباد پولیس کی بہترین خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ مستقبل میں بھی سائبرآباد پولیس کی جانب سے بہترین اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔