نئی دہلی: مرکزی کابینہ نے آج نیوزی لینڈ کے آکلینڈ میں قونصلیٹ جنرل آف انڈیا کھولنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ میں کیا گیا۔ آکلینڈ میں قونصلیٹ کے کھلنے سے ہندوستان کے سفارتی اثر و رسوخ کو بڑھانے اور ہندوستان کی بڑھتی ہوئی عالمی شمولیت کے پیش نظر ہندوستان کی سفارتی نمائندگی کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ اس سے ہندوستان کے اسٹریٹجک اور تجارتی مفادات کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی اور آکلینڈ میں ہندوستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کی بہتر خدمت ہوگی۔ امکان ہیکہ آکلینڈ میں قونصلیٹ جنرل 12ماہ کی مدت کے اندر کھولے جانے اور مکمل طور پر کام کرنے لگے گا۔ مرکزی کابینہ نے ہندوستان اور اٹلی کے درمیان ہجرت اور نقل و حرکت کے معاہدے پر دستخط کرنے اور اس کی توثیق کرنے کی وزارت خارجہ کی تجویز کو منظوری دیدی ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ معاہدہ عوام سے عوام کے رابطوں کو بڑھائے گا اور طلباء، ہنر مند کارکنوں، کاروباری افراد اور نوجوان پیشہ ور افراد کی نقل و حرکت کو فروغ دے گا۔