آیوشمان یوجنا بنگال اور دہلی میں نافذ نہیں، بی جے پی کی شدید تنقید

   

نئی دہلی: بی جے پی نے پردھان منتری آیوشمان یوجنا کو نافذ نہ کرنے پر عام آدمی پارٹی ریاستی حکومت اور سابق وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دہلی اور مغربی بنگال کے علاوہ یہ اسکیم ہندوستان کی 34 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں نافذ ہے ، صرف دو بدعنوان حکومتیں عوام کو سزا دے رہی ہیں۔بی جے پی لیڈروں نے منگل کو پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے اس معاملے پر خطاب کیا۔ اس موقع پر دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا، مرکزی وزیر مملکت ہرش ملہوترا، ایم پی رامویر سنگھ بدھوڑی و دیگر موجود تھے ۔بی جے پی قائدین نے دہلی میں آیوشمان اسکیم کو نافذ نہ کرنے پر حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوڈیشہ حکومت نے ریاست میں آیوشمان اسکیم نافذ کردی ہے اور اب صرف دہلی اور مغربی بنگال ہی ایسی ریاستیں ہیں جہاں یہ اسکیم نافذ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دو ریاستوں کو چھوڑ کر ملک کی 34 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں یہ اسکیم نافذ ہو چکی ہے ۔