ائرپورٹ کے قریب چیتا دیکھا گیا ‘ عوام خوفزدہ

   


حیدرآباد۔ شمس آباد علاقہ کے شہریوں میں آج اس وقت خوف پھیل گیا جب ایک چیتا کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ کے قریب صبح کی اولین ساعتوں میں دیکھا گیا ۔ سوشیل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ گشت کر رہا ہے جو شائد کسی سی سی ٹی وی کا ہے ۔ اس میں دکھایا گیا ہے کہ یہ چیتا شمس آباد اور تک گوڑہ کے درمیان کی روڈ پر جا رہا ہے ۔ بعد میں اس نے ایک دیوار بھی پھلانگی جس پر فینسنگ کی ہوئی تھی ۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ ائرپورٹ کی رن وے کمپاونڈ وال ہے ۔ یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے ۔ شبہ کیا جا رہا ہے کہ یہ چیتا بہادر پورہ کی سمت گیا ہے ۔ ایک مقامی فرد نے اسے دیکھنے کا دعوی کیا ہے اور پولیس و محکمہ جنگلات کو اس کی اطلاع دی ۔ محکمہ جنگلات کے عہدیدار وہاں پہونچ گئے ہیں اور وہ حقائق کا جائزہ لے رہے ہیں۔ یہ عہدیدار ویڈیو فوٹیج اور نگران کار کیمروں کا بھی تجزیہ کر رہے ہیں۔