ائمہ و مؤذنین کے اعزازیہ کیلئے 10 کروڑ کی اجرائی

   

عنقریب مزید پانچ کروڑ جاری ہوں گے ، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کا بیان
حیدرآباد ۔22۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ میں ائمہ و مؤذنین کے اعزازیہ کی اجرائی کیلئے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے دو مرحلوں میں دس کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ مزید پانچ کروڑ روپئے کی اجرائی کسی بھی وقت ممکن ہے۔ تلنگانہ وقف بورڈ سے تقریباً 10,000 ائمہ اور مؤذنین کو ماہانہ 5000 روپئے اعزازیہ دیا جاتا ہے ۔ گزشتہ پانچ ماہ سے اعزازیہ کی رقم جاری نہیں کی گئی جس کے سبب ائمہ اور مؤذنین مالی مسائل کا شکار تھے۔ حکومت نے اسکیم کیلئے 13 کروڑ 79 لاکھ روپئے جاری کئے جس کے بعد صدر نشین وقف بورڈ نے دو مرحلوں میں دس کروڑ روپئے جاری کردیئے ۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر تک تمام بقایہ جات جاری کردیئے جائیں گے ۔ محمد سلیم نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ عید الفطر سادگی سے منائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں مساجد اور عیدگاہوں میں نماز عیدالفطر کی ادائیگی کی اجازت نہیں ہے۔ علمائے اکرام اور مفتیان عظام نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ نماز عید کے بجائے اپنے گھروں میں نماز شکرانہ ادا کریں۔ مسلمانوں کو علمائے اکرام کے مشورہ پر عمل کرتے ہوئے گھروں میں عبادت کا اہتمام کرنا چاہئے ۔ جس طرح ماہ صیام کے دوران مسلمانوں نے لاک ڈاون کی پابندی کی، اسی طرح عید الفطر کے موقع پر بھی پابندی کی جائے ۔ انہوں نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ عید کی خریداری کے بجائے اسی رقم کو غریب مسلمانوں کی امداد پر خرچ کریں۔