ابوعاصم اعظمی اور مفتی سلمان ازہری کی ملاقات

   

ممبئی: مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے پہلے، سماج وادی پارٹی کے رہنما ابو عاصم اعظمی نے عالم دین مفتی سلمان ازہری سے ملاقات کی۔ ازہری نے ایس پی مہاراشٹر یونٹ کے سربراہ سے مطالبہ کیا کہ پیغمبر اسلامؐ کی توہین کرنے والوں کو سزا دینے کے لیے سخت قانون بنایا جائے۔مان خرد شیواجی نگر سے ایس پی امیدوار اعظمی نے ازہری کو بتایا کہ انہوں نے اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا ہے کہ اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو پیغمبر اسلامؐ کے خلاف توہین کرنے والوں کے خلاف یو اے پی اے جیسے سخت قوانین کا نفاذ کیا جائے گا۔اس کے علاوہ دونوں نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح مسلمانوں کے ووٹ تقسیم نہیں ہونے چاہئیں جس سے بی جے پی کو فائدہ ہو سکتا ہے۔ اگر آپ (ابو اعظمی) الیکشن جیت کر آگے بڑھے تو مجھے یقین دلائیں کہ آپ اس سلسلے میں کیا کریں گے؟ اس کے جواب میں اعظمی نے کہا کہ میں نے حکومت سے کم از کم سو بار مطالبہ کیا ہے کہ اگر کسی نے پیغمبر اسلام کی توہین کی ہے تو 153اے جیسے قوانین بے کار ہیں اور ایسے لوگوں کے خلاف کم از کم یو اے پی اے لگانا چاہیے۔ یہ دہشت گردی کی ایک بڑی شکل ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر میٹنگ کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اعظمی نے کہا کہ آج میں نے مفتی سلمان ازہری کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات کی اور ہم نے کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ناموس رسالت ہمارا مشن ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ گستاخی رسول کے خلاف انسداد دہشت گردی کا قانون بنایا جائے اور جب تک یہ قانون نہیں بن جاتا ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔آج مفتی سلمان ازہری صاحب سے خصوصی ملاقات اور مختلف مسائل پر گفتگو کی گئی۔