اب اجمیر شریف میں تلنگانہ زائرین کیلئے رباط کی تعمیر ممکن نہیں رہی

   

راجستھان کی بی جے پی حکومت نے رباط کیلئے لیز پر دی گئی اراضی کا معاہدہ منسوخ کردیا ۔ احکام جاری
حیدرآباد یکم فروری(سیاست نیوز) بارگاہ حضرت خواجہ غریب نوازؒ میں حاضری دینے والے تلنگانہ زائرین کیلئے رباط کی تعمیر اب نہیں ہوگی۔ اجمیر میں تلنگانہ زائرین کیلئے رباط کی تعمیر کیلئے حوالہ کردہ اراضی کی لیز راجستھان کی بی جے پی حکومت نے منسوخ کردی ہے۔ بی آر ایس حکومت درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی غریب نواز ؒ کے زائرین کیلئے اجمیر میں رباط کی تعمیر کا 10 سال تک مختلف طریقوں سے اعلان کرتی رہی لیکن اب جبکہ تلنگانہ میں بی آر ایس اقتدار سے محروم ہوگئی ساتھ ہی راجستھان میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوگیا تو تلنگانہ کو 2کروڑ سے زائد روپئے حاصل کرکے لیز پر دی گئی اراضی معاہدہ کو حکومت راجستھان نے منسوخ کردیا۔ حکومت تلنگانہ نے 30 اپریل 2018 کو حکومت راجستھان کو درخواست روانہ کرکے اراضی مختص کرنے خواہش کی تھی جس پر حکومت راجستھان سے 8مئی 2018 کو اجمیر میں اراضی حوالگی کا معاہدہ کیا گیا اور محکمہ اقلیتی بہبود تلنگانہ سے 2کروڑ40لاکھ 35 ہزار 432 روپئے ادا کرکے اس اراضی کا قبضہ حاصل کیا گیا لیکن حکومت تلنگانہ سے اراضی پر رباط کی تعمیر میں پیشرفت نہیں کی گئی اور جب اس اراضی پر تعمیراتی سرگرمیوں کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کے اقدامات کا آغاز کیاگیا تو مقامی اکثریتی عوام کے و متعلقہ رکن اسمبلی کے اعتراض پر مسئلہ تعطل کا شکار بن گیا تھا۔ بی جے پی رکن اسمبلی کے اجمیر میں رباط کی تعمیر پر اعتراض کا جو مکتوب حکومت کو روانہ کیا تھا اسی مکتوب کو بنیاد بناکر حکومت راجستھان سے اراضی کی حوالگی کے معاہدہ کو منسوخ کرنے احکام جاری کردیئے گئے ہیں۔ تلنگانہ سے راجستھان میں زائرین کیلئے رباط کی تعمیر میں عدم دلچسپی سے اب حکومت راجستھان نے اجمیر میں جو اراضی حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اس معاہدہ کو منسوخ کردیا ۔ اراضی کی حوالگی معاہدہ کو منسوخ کرنے کے بعد اب تلنگانہ زائرین کیلئے اجمیر میں رباط کی تعمیر نہیں ہوپائے گی۔3