اب دعوے نہیں چلیں گے ، مہنگائی پر مؤثر لگام لگائے حکومت:کانگریس

   

تیل کمپنیوں کے ریکارڈ منافع کے باوجود عوام کو مہنگائی سے راحت نہیں، ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

نئی دہلی، 12 نومبر (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی پالیسیوں کے باعث مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے اور دودھ، غذائی اشیا اور روزمرہ استعمال کی چیزوں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں، جس سے غریب اور متوسط طبقے کا گھریلو بجٹ بگڑ گیا ہے ۔ کانگریس کے شعبئہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ دودھ، چاول، آٹا، دال، خوردنی تیل، پیاز، آلو، ٹماٹر، چینی اور گھی سمیت ضروری اشیا کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج امول اور مدر ڈیری نے بھی ایک بار پھر دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی کے بعد ہندوستان یونی لیور جیسے بڑے برانڈوں نے ڈٹرجنٹ اور ہوم کیئر مصنوعات کی قیمتوں میں 11 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے ۔ سرف ایکسل، رِن، وہیل اور موتی گلاب صابن جیسی روزمرہ ضروریات کی قیمتیں بڑھنے سے عام آدمی پر بوجھ بڑھ رہا ہے ۔ رمیش نے کہا کہ حکومت ایک طرف ملک میں چینی کی پیداوار چار گنا تک بڑھنے اور 36 لاکھ ٹن پرانا ذخیرہ موجود ہونے کا دعویٰ کرتی ہے۔ دالوں کے معاملے میں بھی حکومت خاطر خواہ پیداوار اور دستیابی کے دعوے کرتی ہے ۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ اگر چینی اور دالوں کی وافر پیداوار اور ذخیرہ موجود ہے تو عام لوگوں کو مہنگائی سے راحت کیوں نہیں مل رہی ہے ۔ انہوں نے پٹرول میں ای۔20 ایندھن کے استعمال کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک کے عوام کو بڑھتی مہنگائی اور ملاوٹی پٹرول کی دوہری مار کیوں جھیلنی پڑ رہی ہے ۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ عوام کو سرکاری دعوے اور پالیسیوں کے وعدے نہیں بلکہ مہنگائی پر مؤثر لگام چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ نے پہلے کہا تھا، سب چنگا سی، اب تو سب مہنگا سی! کانگریس کے جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ رندیپ سنگھ سرجے والا نے مہنگائی کے معاملے پر مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ملک کے عوام ایندھن سے لے کر باورچی خانے تک مہنگائی کی مار جھیل رہے ہیں، جبکہ سرکاری تیل کمپنیاں ریکارڈ منافع کما رہی ہیں۔ سرجے والا نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جولائی سے ستمبر 2026 کی سہ ماہی کے دوران انڈین آئل، بھارت پیٹرولیم اور ہندوستان پیٹرولیم کا مشترکہ منافع 66 فیصد بڑھ کر 29,896 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔
جو گزشتہ 13 سہ ماہیوں کا ریکارڈ ہے ۔ تاہم، خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ اور تیل کمپنیوں کے بھاری منافع کا فائدہ عام لوگوں تک نہیں پہنچایا جا رہا ہے ۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران پٹرولیم مصنوعات پر عوام سے 43 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ وصول کیے گئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی سے فوری راحت فراہم کی جائے ۔