مسلم طلبہ کے اسکالرشپس کو روکنے اور تعلیمی رکاوٹیں کھڑی کرنے مرکز کی سازش، چیف منسٹر برہم

   

مسلمانوں کے 4 فیصد ریزرویشن پر بی جے پی کا مخالفانہ نظریہ بے نقاب، مولانا ابوالکلام آزاد کے تعلیمی انقلاب اور ریاست کے فلاحی اقدامات کا دفاع

حیدرآباد، 11 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بنجارہ بھون میں منعقدہ قومی یومِ تعلیم اور اقلیتی بہبود کے شاندار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مرکز کی بی جے پی حکومت کی اقلیتی اور بالخصوص مسلم طلبہ کے اسکالرشپس (وظائف) کو بلا جواز روکنے، معطل کرنے اور ان پر سیاست کرنے کی پالیسی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت ایک منظم سازش کے تحت مسلم طلبہ کے تعلیمی وظائف کو روک کر انہیں اعلیٰ تعلیم سے محروم کرنے اور ان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ تلنگانہ حکومت مسلم طلبہ کے تعلیمی مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ان کے وظائف و تمام تعلیمی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔چیف منسٹر نے ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی لازوال خدمات اور تعلیمی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک میں تعلیمی انقلاب کی جو مضبوط اور تاریخی بنیاد رکھی تھی، اسی کے طفیل آج ہندوستانی نوجوان عالمی سطح پر کامرانیاں حاصل کررہے ہیں۔ مولانا آزاد کی دور اندیشی اور کانگریس کے تاریخی فیصلوں کے نتیجے میں ہی ملک بھر میں نامور یونیورسٹیاں، آئی آئی ٹی (IIT) اور آئی ٹی آئیز (ITIs) کا جال بچھایا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ موجودہ حکومت انہی تعلیمی پالیسیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے آئی آئی ٹیز کو اے ٹی سیز (ATCs) میں اپ گریڈ کر رہی ہے اور ینگ انڈیا اسکلز یونیورسٹی قائم کر کے معیاری تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ تلنگانہ حکومت اقلیتوں کیلئے بھاری بجٹ مختص کرتے ہوئے، پرانے شہر یعنی اصل شہر میں میٹرو کی توسیع اور موسیٰ ندی کے احیاء کے ذریعہ اقلیتی علاقوں اور مسلمانوں کی ہمہ جہت ترقی و فلاح کیلئے دن رات کوشاں ہے۔مسلمانوں کے تحفظات کے معاملے پر بی جے پی کے سخت مخالفانہ اور متعصبانہ نظریہ کو بے نقاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ بی جے پی مسلسل مسلمانوں کو حاصل 4 فیصد ریزرویشن کے خلاف زہر افشانی کر رہی ہے اور اسے منسوخ کرنے کی دھمکیاں دے رہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے منافقانہ کردار کو اجاگر کرتے ہوئے سوال کیا کہ بی جے پی کے اپنے زیرِ اقتدار گجرات میں بھی مسلم تحفظات نافذ ہیں جہاں یہ مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے جبکہ تلنگانہ میں 4 فیصد اقلیتی ریزرویشن پر سیاست کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ SIR کے نام پر ووٹر لسٹوں سے غریب مسلمانوں کے نام بڑے پیمانے پر خارج کر کے ان کی جمہوری طاقت کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن کانگریس پارٹی بی جے پی اور نریندر مودی کے ان تمام اقلیت مخالف اقدامات کا مردانہ وار مقابلہ کرے گی۔اس پروقار تقریب میں ریاستی وزراء محمد اظہر الدین اور سرینواس ریڈی ،اراکینِ پارلیمنٹ ایم نریندر ریڈی اور انیل کمار یادو، حکومت کے مشیر محمد علی شبیر اور وی ہنمنت راؤ، رکنِ اسمبلی دانم ناگیندر، TMREIS کے وائس چیئرمین فہیم قریشی، اردو اکیڈیمی کے چیئرمین طاہر بن حمدان، تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کے چیئرمین سید عظمت اللہ حسینی، حج کمیٹی کے چیئرمین افضل بیابانی، اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے چیئرمین عبید اللہ کوتوال، پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، سکریٹری بی شفیع اللہ کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام اور نمائندے بڑی تعداد میں موجود تھے۔2