اب سامان منتقلی کیلئے بھی ڈرون کا استعمال ہوگا

   

حیدرآباد 20 مئی ( سیاست نیوز ) ادویات اور دوسری تشخیصی اشیاء کو دور دراز کے مقامات تک ڈرون کے ذریعہ پہونچانے کے بعد اب غذا اور گھریلو سامان پہونچانے کیلئے بھی ڈرون کا استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ حیدرآباد سے کام کرنے والی اسٹارٹ اپ ماروت ڈرون ٹیک فوڈ اور گروسری ڈلیوری کمپنی سویگی کو ڈرون فراہم کرنے میں ایک اہم رول ادا کر رہی ہے ۔ ڈلیوری کمپنی سویگی نے اعلان کیا ہے کہ وہ تجرباتی اساس پر گھریلو ساز و سامان اپنے انساٹا مارٹ سے منتقل کرنے کیلئے ڈرون کا استعمال کرنے جا رہی ہے۔ یہ سہولت تاہم فی الحال عوام کیلئے دستیاب نہیں رہے گی بلکہ سامان کو ایک گودام سے دوسرے گودام تک منتقل کرنے کیلئے ڈرون کا استعمال کیا جائیگا ۔ اس کیلئے ماروت ڈرون ٹیک کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور دوسری کمپنیوں سے بھی تجربات کیلئے بات چیت ہو رہی ہے ۔ اس سے قبل حکومت تلنگانہ کے ساتھ اشتراک سے اسکائی پراجیکٹ کے تحت ادویات کو دور دراز کے مقامات تک پہونچانے کیلئے ڈرون کا استعمال کیا جائیگا ۔ ادویات کی منتقلی کا پراجیکٹ 10 کا تھا جس میں تقریبا 300 مرتبہ ڈرون پروازوں کے ذریعہ ادویات کو منتقل کیا تھا ۔ اس تجربہ کی کامیابی کے بعد اب سویگی نے ساز و سامان کی منتقلی کیلئے ڈرون کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے ۔