نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے نامیبیا سے لائے گئے اور مدھیہ پردیش کے کونو نیشنل پارک میں رکھے گئے آٹھ چیتوں کے نام بتانے کی اپیل کرتے ہوئے آج اعلان کیا کہ اس کے لئے مائی جی او وی پلیٹ فارم پر ان کے لیے ایک مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔آل انڈیا ریڈیو پر نشر ہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام “من کی بات” کی 93 ویں قسط میں، مودی نے کہا، “اس مقابلے میں لوگوں سے میں کچھ چیزیں شیئر کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔ چیتوں کے تعلق سے ہم جو مہم چلارہے ہیں، آخر اس مہم کا کیا نام ہوناچاہیے ! کیا ہم ان تمام چیتوں کے نام رکھنے کے بارے میں سوچ بھی سکتے ہیں، ان میں سے ہر ایک کو کس نام سے پکارا جائے ! ویسے اگر یہ نام روایتی ہوتو بہت اچھا ہوگا کیونکہ ہمارے معاشرے اور ثقافت، روایت اور ورثے سے جڑی کوئی بھی چیز ہمیں فطری طور پر اپنی طرف کھینچتی ہے ۔انہوں نے کہا، “آخر انسان کو جانوروں کے ساتھ کیسا سلوک کرنا چاہیے ! ہمارے بنیادی فرض میں بھی توجانوروں کے احترام پر زور دیا گیا ہے۔