دہرہ دون، 26 نومبر(یواین آئی) اتراکھنڈ میں آئندہ اسمبلی انتخابات 2027 کے پیش نظر الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور ووٹر ویریفائی ایبل پیپر آڈٹ ٹریل کے استعمال سے متعلق عوامی بیداری مہم کا آغاز ہوگیا ہے ۔چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر بی وی آر سی پرشوتم نے بتایا کہ اسمبلی انتخابات 2027 میں استعمال ہونے والی ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی کی ابتدائی سطح کی جانچ مکمل ہونے کے بعد، الیکشن کمیشن کے مقررہ معیارات کے مطابق تربیت اور عوامی بیداری کیلئے جملہ 974 ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی مشینیں مختص کی گئی ہیں۔ اس عمل کے دوران عام آدمی پارٹی، بی جے پی ‘ بہوجن سماج پارٹی، کانگریس اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی جیسی تسلیم شدہ قومی اور ریاستی جماعتوں کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ تربیت اور بیداری کیلئے منتخب ان مشینوں کی فہرست بھی تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ شیئر کردی گئی ہے ۔ڈاکٹر پرشوتم نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق تربیت اور عوامی بیداری کیلئے ان ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی مشینوں کو مقررہ ضابطوں کے تحت ایک علیحدہ مخصوص گودام میں محفوظ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان مشینوں کا عملی مظاہرہ کرنے ہر ضلع کے الیکشن افسر اور ریٹرننگ افسر کے ہیڈکوارٹرس پر ای وی ایم ڈیمونسٹریشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ ان مراکز میں عام شہری یہ جان سکیں گے کہ ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی کے ذریعے ووٹ کس طرح ڈالا جاتا ہے ۔