اتراکھنڈ میں 21کوہ پیماؤںکی تلاش جاری

   

دہرادون: اتراکھنڈ کے اترکاشی میں واقع نہرو انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹینیئرنگ (این آئی ایم) کی پہاڑی تربیتی کانفرنس کے دوران منگل کو اچانک برفانی تودہ گرنے سے 29 ٹرینی اور ٹرینر پھنس گئے ۔ ان میں سے آٹھ کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی درخواست کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حکم پر فوج کے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے امدادی ٹیمیں 21 کی تلاش کے لیے روانہ کی گئی ہیں۔سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ دروپدی کے ڈانڈا 02 (سطح سمندر سے 5006 میٹر اونچائی) کے قریب آج برفانی تودہ گرنے سے تقریباً 29 کوہ پیمائی ٹرینی اور ٹرینر پھنس گئے ۔ جس میں آٹھ افراد کو ٹیم کے دیگر ارکان نے بچا لیا ہے جبکہ دیگر 21 ٹرینی اور ٹرینر پھنسے ہوئے ہیں جن کی ریسکیو کارروائی کی جا رہی ہے ۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ٹویٹ کیا کہ انہوں نے مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے بات کی ہے اور ان سے امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کیلئے فوج کی مدد درخواست کی ہے ۔