6 گھر منہدم، 3 افراد لاپتہ، امدادی ٹیمیں سرگرم
دہرادون۔18؍ستمبر( ایجنسیز ) اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں چہارشنبہ کی رات بادل پھٹنے کے واقعے نے زبردست تباہی مچا دی۔ یہ حادثہ دو مقامات کنتری اور دھرما گاؤں میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں کئی مکانات زمین بوس ہو گئے اور مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اس دوران پانچ افراد لاپتہ ہو گئے۔ریاستی آفات سے نمٹنے والی فورس کی ٹیم لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ریسکیو ٹیموں کے مطابق ابھی تک اصل نقصان کا مکمل تخمینہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔ ملبہ ہٹانے اور لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی واضح صورتحال سامنے آئے گی۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ریاست کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ریاستی حکومت نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ شمالی ہند کی کئی ریاستوں میں شدید بارش اور سیلاب سے حالات انتہائی خراب ہوگئے ہیں ۔اترا کھنڈ کے علاوہ مدھیہ پردیش میں بارش سے بڑے پیمانے پر تباہی ہورہی ہے ۔زمینی تودے کھسکنے سے ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
اتراکھنڈ:موسم کا عتاب جاری
دہرادون، 18ستمبر (یو این آئی) اتراکھنڈ میں موسم کا قہر رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ پیر کے روز دہرہ دون میں زبردست بارش کے بعد جمعرات کی صبح چمولی ضلع کی نگر پنچایت نندانگر میں طوفانی بارش ہوئی، جس میں کل چھ مکانات منہدم ہو گئے جبکہ دس افراد لاپتہ ہیں۔ دو افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے ۔ اسی کے ساتھ دھورما گاؤں میں بھی کئی مکان زمین بوس ہو گئے ہیں۔ یہاں دو افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے ، جبکہ گرام سرپانی میں بھی دو افراد کے لاپتہ ہونے کی خبر ہے ۔ اس طرح ابتدائی طور پر کل دس افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی ہے جس کی تصدیق کی جا رہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور امدادی ٹیموں کو فوری طور پر بچاؤ کارروائی کی ہدایت دی ہے ۔
محکمۂ موسمیات نے ریاست کے کئی مقامات پر آج بھی شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے ۔ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر، چمولی سے موصولہ اطلاع کے مطابق نگر پنچایت نندانگر کے وارڈ کنتری لگّا فالی میں شدید بارش کے بعد ملبہ گرنے سے چھ مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔ اس حادثے میں چھ افراد کے لاپتہ ہونے کی خبر ہے جبکہ دو کو بچا لیا گیا ہے ۔ اسی دوران ننداناگر تحصیل کے دھورما گاؤں میں بھی شدید بارش کی وجہ سے 4-5 مکانات کے نقصان کی اطلاع ہے ، تاہم ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ موکش ندی کا پانی اچانک بڑھ گیا ہے ۔