اترپردیش میں الیکشن کمیشن ٹیم کی آج آمد

   

لکھنؤ: چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سشیل چندر کی قیادت میں الیکشن کمیشن کا ایک اعلیٰ سطحی وفد اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے تین روزہ دورے پر آج لکھنؤ پہنچے گا۔ قابل ذکر ہے کہ اگلے سال مارچ کے دوسرے ہفتے میں اتر پردیش قانون ساز اسمبلی کی مدت پوری ہونے سے پہلے کمیشن نے ریاست میں انتخابات کرانے کی تیاری تیز کر دی ہے ۔ اس کیلئے سی ای سی کی قیادت میں کمیشن کا وفد 28 دسمبر کو مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کے ساتھ ریاست میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ شروع کرے گا۔ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں مختلف قومی اور علاقائی پارٹیوں کے رہنما شرکت کریں گے ۔ اس کے بعد دیر شام کمیشن کی ٹیم اتر پردیش پولیس، مختلف ایجنسیوں اور مرکزی پولیس فورس کے نوڈل افسران کے ساتھ میٹنگ کرے گی۔ایسا سمجھا جاتا ہے کہ کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابی تیاریوں کے جائزے کے ضمن میں مجوزہ انتخابات کرانے کیلئے تمام ممکنہ متبادل اور اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ جائزہ لینے کیلئے کمیشن کی ٹیم 29 دسمبر کو اتر پردیش کے تمام ضلع الیکشن افسران، ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کے ساتھ اتر پردیش کے تمام دس ڈویژنوں کے ساتھ جائزہ میٹنگ کرے گی۔
جس میں انتخابات کے دوران سکیورٹی انتظامات سمیت دیگر انتظامی پہلوؤں پر بات کی جائے گی۔اس کے بعد 30 دسمبر کو کمیشن کی ٹیم ریاستی حکومت کے چیف سکریٹری اور ریاست کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کے ساتھ ایک فیصلہ کن جائزہ میٹنگ کرے گی۔