اترپردیش واقعہ کے خلاف تلنگانہ میں کانگریس ستیہ گرہ

   

گاندھی بھون میں اتم کمار ریڈی نے قیادت کی، بی جے پی ریاستوں میں خواتین غیر محفوظ
حیدرآباد: اترپردیش میں دلت لڑکی کی عصت ریزی اور قتل کے واقعہ کے خلاف آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اپیل پر حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں ستیہ گرہ کا اہتمام کیا گیا ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی قیادت میں گاندھی بھون میں ستیہ گرہ کا اہتمام کیا گیا ۔ اس خاموش احتجاج کا مقصد اترپردیش میں خواتین پر مظالم کے واقعات کی مذمت کرنا ہے۔ قائدین نے دلت خاندان سے ملاقات کے لئے پہنچنے والے کانگریس قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ساتھ پولیس کے نازیبا رویہ پر بھی احتجاج کیا ۔ اتم کمار ریڈی کے علاوہ اے آئی سی سی انچارج سکریٹری بوس راجو ، رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار ، اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، سابق صدور پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا ، وی ہنمنت راؤ ، ایم ایل سی جیون ریڈی ، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا ، رکن اسمبلی سیتکا ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو کے علاوہ سینئر قائدین نارائن ریڈی ، گیتا ریڈی ، بلرام نائک ، انیل کمار یادو ، عظمیٰ شاکر اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اتم کمار ریڈی نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ریاستوں میں خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ کانگریس پارٹی ملک بھر میں خواتین کے تحفظ کے لئے احتجاج کر رہی ہے۔ انہوں نے اترپردیش کے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی کوشش پر راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ساتھ پولیس کے رویہ کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ثبوت مٹانے کیلئے پولیس نے آخری رسومات انجام دیں۔ حکومت اور پولیس کی جانب سے خاطیوں کی پشت پناہی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بھی خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ معین آباد میں اقلیتی طبقہ کی ایک کمسن لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کا واقعہ پیش آیا ۔ خاطی کا تعلق برسر اقتدار پارٹی سے ہے ، لہذا پولیس اسے بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ عادل آباد میں گریجن طبقہ کی لڑکی نے مظالم سے تنگ آکر خودکشی کرلی ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی تک احتجاج جاری رہے گا۔