اترپردیش کا یہ حشر کس نے کیا، پرینکا کی قیادت میں کانگریس مہم

,

   

آئندہ سال کے اسمبلی انتخابات کیلئے 9 اگست سے 9 ستمبر تک جارحانہ مہم ہوگی۔ 70 ہزار پارٹی کارکنوں کو ٹریننگ کا منصوبہ

لکھنو : آئندہ سال اترپردیش اسمبلی انتخابات سے قبل اپنی کھوئی ہوئی زمین کو تلاش کرنے میں مشغول کانگریس نے پرینکا گاندھی کی قیادت میں ریاست کی حکمراں پارٹی بی جے پی کے خلاف جارحانہ پروگرام کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے بی جے پی کے ’’سوشاسن اور وکاس‘‘ کے مقابل ’’کس نے بگاڑا اترپردیش‘‘ کے زیرعنوان مہم جوئی کا فیصلہ کیا ہے ۔اپنی سوکھی جڑوں کی آبیاری کے لئے پارٹی نے خاموشی توڑنے کی تیاری کرتے ہوئے جارحانہ حکمت عملی تیار کی ہے ۔بی جے پی کے دعوے ’’سوشاسن اور وکاس‘‘ کے مقابل کانگریس نے بڑے پیمانے پر ’’کس نے بگاڑا ا ترپردیش‘‘ تھیم کے تحت مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔کانگریس آفیشیلس نے آج یہاں بتایا کہ پارٹی نے 9 اگست سے 9ستمبر تک پرینکا گاندھی کی قیادت میں بڑے پیمانے پر مہم بنانے کی حکمت عملی تیار کی ہے ۔9 اگست ملک کی تاریخ میں اہم دن کی حیثیت رکھتا ہے ۔اسی دن گاندھی جی کے ذریعہ 1942ء میں انگریزوں کے خلاف کرانتی یا ’’ہندوستان چھوڑو‘‘ مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ اس ایک مہینے کی لمبی مہم کے دوران 70ہزار پارٹی کارکنوں کو پانچ نکات پر ٹریننگ دی جائے گی جس میں یوگی حکومت کی ناکامی، بوتھ مینجمنٹ،سوشل میڈیا کا استعمال اور کانگریس نظریہ بمقابلہ بی جے پی؍ آر ایس ایس جیسے نکات شامل ہیں۔ اس دوران کارکنوں کے درمیان ایک کتابچہ تقسیم کیا جائے گا جس میں حکومت کی ناکامیوں کو بیان کیا جائے گا۔ اس مدت کے دوران پارٹی نے منصوبہ بنایا ہے کہ 400سے زیادہ اسمبلی حلقوں کا احاطہ کرتے ہوئے 675ٹریننگ کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا جن میں 100سیٹوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ کانگریس نے منصوبہ بنایا ہے کہ پارٹی اس دوران اپنی پوری توجہ واحد ایجنڈہ، کئی سال سے یوپی کی صورتحال پر مرکوز کرے گی لیکن اس دوران یوگی حکومت پر خصوصی توجہ کے ساتھ اس میں سابقہ اکھلیش یادو اور مایاوتی کی میعادوں کی کارکردگی کو بھی شامل کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ اس مہم کے پیچھے اسی تحریک کو پیدا کرنا ہے جو سال 2017کے اسمبلی انتخابات سے قبل پیدا کی گئی تھی جس میں پارٹی نے ’’27سال یو پی بے حال‘‘ مہم کا آغاز کر کے بڑے پیمانے پر کسانوں تک رسائی کی کوشش کی تھی۔باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے ذریعہ شروع کی جارہی اس مہم میں بیرون ملک سے لوٹتے ہی15 اگست کے بعد پرینکا گاندھی خود اس مہم میں فعال رول نبھائیں گی۔چھتیس گڑھ کے رائے پور میں تقریباً 100ماسٹر ٹرینرس کو ٹریننگ دی جارہی ہے ۔