اترپردیش کی مختلف مساجد میں فلسطین میں امن کیلئے دعائیں

   

لکھنؤ : مسلمانوں نے جمعہ کو اتر پردیش کی مختلف مساجد میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری تنازعہ میں فلسطینیوں کی خیریت کیلئے دعائیں کیں۔ علماء نے نماز جمعہ کے بعد دعائیں کی۔ عیدگاہ کے امام مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے اور علاقے میں امن بحال کیا جائے۔ اس دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کیلئے تمام اہم مساجد پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ دہلی پولیس نے انٹیلی جنس رپورٹس کے جواب میں قومی دارالحکومت میں حفاظتی اقدامات کو بڑھا دیا ہے جو اسرائیل اور حماس کے جاری تنازعہ کے دوران رکاوٹوں کے امکانات کو ظاہر کرتی ہیں۔ ایک سینئر پولیس اہلکار نے کہا ہم نے اہم مقامات پر اپنی موجودگی کو مضبوط کیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعات کو روکنے کیلئے مسلسل چوکسی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ پولیس نے شہر میں یہودی تنصیبات کے ارد گرد اپنے اہلکاروں کو تعینات کر دیا ہے۔ ضلع وسطی کے جامع مسجد کے علاقے میں پولیس کی جانب سے عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے فلیگ مارچ کیا گیا۔