اتم کمار ریڈی حضور نگر اور پدماوتی ریڈی کوداڑ سے کانگریس کے متوقع امیدوار

   

بی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات مسترد، سیاسی کیریئر میں ہمیشہ دیانتداری اولین ترجیح

حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں وہ حلقہ اسمبلی حضور نگر جبکہ ان کی شریک حیات پدماوتی ریڈی حلقہ اسمبلی کوداڑ سے مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے بی آر ایس میں شمولیت سے متعلق اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بعض مفادات حاصلہ اس طرح کی مہم کے ذریعہ امیج بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بہت جلد حضور نگر اور کوداڑ سے مقابلہ کیلئے گاندھی بھون میں درخواست داخل کی جائے گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پردیش کانگریس کمیٹی اور اے آئی سی سی کی اسکریننگ کمیٹی کی جانب سے ناموں کو منظوری حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کمان کی جانب سے ناموں کی منظوری کا انہیں یقین ہے اور حضور نگر اور کوداڑ سے پارٹی کا ٹکٹ حاصل ہوگا۔ سوشیل میڈیا میں جاری مہم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مجھے اس مہم سے تکلیف پہنچی ہے۔ انڈین ایر فورس میں فائٹر پائیلٹ کے طور پر میں نے چین اور پاکستان کی سرحد پر اپنی جان جوکھم میں ڈال کر کام کیا ہے۔ صدر جمہوریہ کے سینئر عہدیدار کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے میں نے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرلی اور کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حضور نگر سے اسمبلی کیلئے 5 مرتبہ عوام نے منتخب کیا جس کے بعد وہ لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے۔ ریاستی وزیر، رکن اسمبلی اور رکن پارلیمنٹ کے طور پر طویل سیاسی زندگی میں کسی نے مجھ پر الزام تراشی نہیں کی، میں نے ہمیشہ دیانتداری اور سنجیدگی کے ساتھ سیاسی زندگی گذاری ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سماج میں ان دنوں گھٹیا قسم کی مہم میں اضافہ ہوچکا ہے، میں نے ہمیشہ سیاسی کیریئر کو دیانتداری کے ساتھ پورا کرنے کا عہد کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی یا پھر بی آر ایس کی جانب سے ان کے خلاف مہم کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ وہ اس طرح کی حرکتوں پر کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ انہوں نے کانگریس سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا اور آخری سانس تک کانگریس میں برقرار رہیں گے۔