اتم کمار ریڈی نے کانگریس کی رکنیت سازی مہم میں حصہ لیا

   

بوتھ سطح کے پارٹی کارکنوں کے ساتھ اجلاس

حیدرآباد۔/16جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے آج نلگنڈہ پارلیمانی حلقہ کے مختلف منڈلوں کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی کی رکنیت سازی کے ضمن میں کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کئے۔ انہوں نے نڈی گڈم ، منوگول اور چلکور منڈلوں کا دورہ کرتے ہوئے بوتھ سطح کے جائزہ اجلاس منعقد کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پولنگ بوتھ کیلئے انچارج مقرر کئے گئے کارکنوں کو چاہیئے کہ وہ گھر گھر پہنچ کر رکنیت سازی مہم چلائیں۔ انہوں نے کارکنوں کی ستائش کی جو رکنیت سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ملک کی آزادی کی جدوجہد میں اہم رول ادا کیا تھا۔ آزادی کے بعد 75 برسوں میں کانگریس پارٹی نے ملک کی ترقی کیلئے جو خدمات انجام دی ہے اس کی مثال کوئی اور پارٹی پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ رکنیت سازی کے نشانہ کی تکمیل کے ذریعہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کے ہاتھ مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کانگریس کمیٹیوں کو منڈل اور پنچایت کی سطح پر رکنیت سازی مہم میں باہم اشتراک سے کام کرنا چاہیئے۔ ر