اتم کمار ریڈی نے گاندھی بھون میں عوامی مسائل کی سماعت کی

   

300 سے زائد درخواستوں کا ادخال، ہیلت کارڈ اور راشن کارڈ کی عنقریب اجرائی کا تیقن

حیدرآباد ۔27۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں عوام سے ریاستی وزراء کی ملاقات پروگرام کے تحت وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے تین گھنٹوں سے زائد تک عوام سے ملاقات کی ۔ گاندھی بھون میں وزراء کی آمد کا یہ دوسرا دن تھا۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں یہ پروگرام منعقد کیا گیا ۔ اتم کمار ریڈی کے ہمراہ صدر ضلع کانگریس کمیٹی خیریت آباد روہن ریڈی ، فشریز کارپوریشن کے صدرنشین ایم سائی کمار ، رکن قانون ساز کونسل جیون ریڈی اور دوسرے موجود تھے ۔ اتم کمار ریڈی نے پارٹی کارکنوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کی سماعت کی۔کثیر تعداد میں عوام نے گاندھی بھون پہنچ کر اتم کمار ریڈی کو درخواستیں حوالے کیں۔ اتم کمار ریڈی نے عوام کو تیقن دیا کہ وہ متعلقہ محکمہ جات کو مسائل کے حل کے لئے توجہ دلائیں گے ۔ صبح 11.30 بجے سے شام 4 بجے تک اتم کمار ریڈی گاندھی بھون میں موجود رہے۔ تقریباً 320
درخواستیں داخل کی گئیں۔ اتم کمار ریڈی نے بعض درخواستوں کے سلسلہ میں محکمہ جات کے عہدیداروں سے ربط قائم کیا۔ جھیلوں کے تحفظ کیلئے اراضی کے حصول کے بعض متاثرین نے اتم کمار ریڈی سے ملاقات کی۔ DKZ ٹکنالوجی کے نام پر بڑے پیمانہ پر دھوکہ دہی کے متاثرین بھی گاندھی بھون پہنچے۔ اتم کمار ریڈی نے حکومت کی جانب سے انصاف کی فراہمی کا تیقن دیا ۔ پنشن اور راشن کارڈ کے لئے بھی درخواستیں داخل کی گئیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے راشن کارڈ اور ہیلت کارڈ کی اجرائی کا عمل جلد شروع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گائیڈ لائینس تیار کر رہی ہے اور عنقریب سرکاری سطح پر فیصلہ کیا جائے گا۔ 1