ادارہ جات مقامی کے انتخابات

   

ٹی آر ایس کی جانب سے تیاریوں کا آغاز
کابینی وزراء ، اراکین عاملہ اور کے ٹی آر کے بشمول مختلف قائدین کے ساتھ چیف منسٹر کا اجلاس
حیدرآباد۔15اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی نے ریاست میں ادارہ جات مقامی کے انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور اس سلسلہ میں آج تلنگانہ راشٹر سمیتی کے اہم اجلاس کا تلنگانہ بھون میں انعقاد عمل میں آیا ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اس اجلاس میں کارگذار صدر ٹی آر ایس مسٹر کے ٹی راما راؤ کے علاوہ ریاستی کابینی وزراء‘ ارکان پارلیمان ‘ اسمبلی و کونسل ‘ سابق ارکان ایوان نمائندگان ‘ اراکین عاملہ کے علاوہ دیگر اہم قائدین نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر و صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں مجوزہ ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی قائدین سے تبادلہ خیال کے دوران بتایا کہ ریاست میں 535نشستوں کے علاوہ 5ہزار 857 ایم پی ٹی سی نشستوں پر انتخابات کے سلسلہ میں بہت جلد انتخابی اعلامیہ متوقع ہے۔انہو ںنے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ پارٹی کارکنوں کو بنیادی سطح پرمستحکم کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ 535 ضلع پریشد اور ایم پی ٹی سی کی 5857نشستوں پر متحرک اور عوام کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے امیدواروں کو منتخب کیا جائے۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اجلاس کے دوران پارٹی قائدین کو تاکید کی کہ وہ ریاست میں ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے لئے عوام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں اور عوام میں یقین پیدا کریں کہ ریاست کی مجموعی ترقی صرف تلنگانہ راشٹر سمیتی کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاست کی دیہی ترقی کیلئے ٹی آر ایس نے جو منصوبہ سازی کی ہے اس منصوبہ سے عوام کو واقف کروانے کے علاوہ ریاست میں کسانوں کے لئے شروع کی گئی فلاحی اسکیمات سے ہونے والے فوائد کو عوام کے سامنے لایا جائے۔ اجلاس کے دوران ریاستی عاملہ کے ذمہ داروں نے ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے سلسلہ میں حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اپنی تجاویز پیش کیں اور کہا کہ ان انتخابات میں بھی تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کو یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کی جانی چاہئے کیونکہ ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے ذریعہ ہی پارٹی کو بنیادی سطح پر مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اجاز ت کے حصول کے بعد اس بات کا اشارہ دیا تھا کہ ریاست میں بہت جلد ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے لئے شیڈول اور اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور انتخابات کے نتائج کا اعلان عام انتخابات کے نتائج کے بعد ہی کیا جائے گا۔