حیدرآباد ۔12۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے آئی ایم جی بھارتا اکیڈیمیز پرائیویٹ لمٹیڈ کو اراضی کے الاٹمنٹ کی سی بی آئی تحقیقات سے متعلق مفاد عامہ کی دو علحدہ درخواستوں کو مسترد کردیا۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس جے سرینواس راؤ پر مشتمل بنچ پر درخواست گزاروں نے اراضی الاٹمنٹ کی سی بی آئی جانچ کی ہدایت دینے کی اپیل کی۔ متحدہ آندھراپردیش میں جی او نمبر 310 کے ذریعہ 13 ڈسمبر 2006 کو مسرس آئی ایم جی بھارتا کو اراضی الاٹ کی گئی تھی ۔ درخواست گزاروں نے کہا کہ مرکزی حکومت اپنے خصوصی قانون کے تحت اس معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کرسکتی ہے۔ درخواست گزاروں نے الزام عائد کیا کہ آندھراپردیش حکومت اور آئی ایم جی بھارتا کے درمیان اراضی معاملت میں شفافیت نہیں ہے۔ حکومت اور ادارہ کے درمیان معاہدہ کی جانچ کی درخواست کی گئی۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائد وجئے سائی ریڈی نے یہ درخواست دائر کی۔ عدالت کا احساس تھا کہ سیاسی مقاصمت کے تحت یہ درخواست دائر کی گئی ہے۔ عدالت کے فیصلہ سے چندرا بابو نائیڈو کو راحت ملی جن کے دورہ حکومت میں 850 ایکر اراضی الاٹ کی گئی تھی۔ 1