اربن رینیول مشن مکانات کے غیر مقامی افراد کو الاٹمنٹ کی مخالفت

   

سی پی آئی غریبوں کیلئے جدوجہد کرے گی، سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 جون (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا اور سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے جواہر لال نہرو اربن رینیول مشن کے تحت تعمیر کردہ مکانات کو غریبوں کو الاٹ کرنے کے لئے جدوجہد کا اعلان کیا۔ حیدرآباد کے ہستنا پورم ڈیویژن میں پسماندہ طبقات کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عزیز پاشاہ نے کہا کہ غریبوں کو ہاوزنگ اسکیم سے استفادہ کے لئے سی پی آئی نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے۔ دلت، قبائل، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی جانب سے اس موقع پر عید ملاپ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ عید الاضحی ایثار، قربانی اور بھائی چارہ کا پیام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید اور تہوار سماج میں امن اور بھائی چارہ کے فروغ کے ساتھ ساتھ یکساں طور پر ترقی کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جواہر لال نہرو اربن رینیول مشن کے تحت تعمیر کئے گئے مکانات غیر مقامی افراد کو الاٹ کرنا افسوسناک ہے۔ سرکاری عہدیدار پولیس کے ہمراہ پہنچ کر جبراً مکانات خالی کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں عدالت سے رجوع ہوکر انصاف حاصل کیا جائے گا۔1