اردغان اپنی ناراضگی کے اظہار کیلئے پناہ گزینوں کو استعمال نہ کریں : جرمن چانسلر

   

برلن ۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے ترکی کے صدر رجب طیب اردغان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ناراضی کے اظہار کے لیے پناہ گزینوں کا استحصال نہ کریں۔پیر کی شب میرکل کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کو سمجھتی ہیں کہ ترکی کے صدر پناہ گزینوں کے بحران سے نمٹنے کے سلسلے میں یورپ سے زیادہ بڑی مدد کی توقعات رکھتے ہیں ،،، تاہم اردغان کا اس مسئلے کے ساتھ معاملہ قابل قبول نہیں۔ جرمن چانسلر کے مطابق یہ درست ہے کہ ترکی کو ادلب کے حوالے سے ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے مگر یورپی یونین کے ساتھ بات چیت میں اس طرح ناراضی کا اظہار اور پناہ گزینوں کے معاملے کا استحصال کسی طور قبول نہیں کیا جا سکتا … یہ آگے بڑھنے کا طریقہ نہیں ہے۔