اروند کیجریوال پر تبصرہ کرنے سے متعلق دہلی اسمبلی میں ہنگامہ، اسپیکر نے بی جے پی کے 3 اراکین اسمبلی کو کیا معطل

   

نئی دہلی: دہلی اسمبلی میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے خلاف تبصرہ پر جم کر ہنگامہ ہوا۔ اسمبلی اسپیکر رام نواس گوئل نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی شہر یونٹ کے صدر آدیش کمار کے ذریعہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے خلاف کئے گئے مبینہ ’قابل توہین‘ تبصرہ کو لے کر ایوان میں عام آدمی پارٹی کے اراکین اسمبلی کی مخالفت ظاہر کئے جانے کے درمیان بی جے پی کے تین اراکین اسمبلی کو پیر کے روز معطل کردیا گیا۔دراصل، اسمبلی کی کارروائی کے دوران بی جے پی کے اراکین اسمبلی انل باجپئی، جتیندر مہاجن اور اجے مہاویر اپنے مقامات پر کھڑے ہوگئے تھے، جس کے بعد اسپیکر نے ان سے بیٹھنے کی اپیل کی۔ جب وہ نہیں مانے تو پھر اسپیکر نے انہیں ایوان سے باہر جانے کو کہہ دیا۔ اس کے بعد ایک بار پھر ایوان کی کارروائی 15 منٹ کے لئے ملتوی کردی گئی۔ اس سے پہلے صبح بھی کارروائی کو 15 منٹ کے لئے ملتوی کیا گیا تھا۔