ارکان اسمبلی کی خریدی معاملہ ‘ہائیکورٹ سے بی ایل سنتوش کی طلبی پر حکم التواء میں توسیع

   


حیدرآباد ۔ 5 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے ارکان اسمبلی خریدی معاملہ کیس میں بی جے پی کے قومی قائد بی ایل سنتوش کے حکم التواء میں 13 ڈسمبر تک توسیع دی ہے اور اس کیس کی آئندہ سماعت کو بھی 13 ڈسمبر تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ ارکان اسمبلی خریدی معاملے کی تحقیقات کرنے والی اسپیشل انوسٹی گیشن (ایس آئی ٹی) ٹیم نے بی جے پی کے قومی آرگنائزنگ سکریٹری بی ایل سنتوش کو (41 اے) سی آر پی سی کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 نومبر کو صبح 10:30 بجے کمانڈ کنٹرول میں موجود ایس آئی ٹی کے دفتر میں حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی۔ حاضر نہ ہونے پر گرفتار کرنے کا نوٹس میں ایس آئی ٹی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا۔ باوجود اس کے بی ایل سنتوش حاضر نہیں ہوئے جس کے بعد ایس آئی ٹی کے عہدیداروں نے پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہونے کی بی ایل سنتوش کو دوبارہ نوٹس روانہ کی تھی جس پر ہائیکورٹ نے حکم التواء جاری کیا تھا۔ آئندہ احکامات کی اجرائی تک بی ایل سنتوش کو گرفتار نہ کرنے کی عدالت نے ایس آئی ٹی کے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی اور ساتھ ہی بی ایل سنتوش کو بھی ہدایت دی تھی۔ وہ سی آر پی سی کے سیکشن A 41 کے قواعد پر عمل کریں اور پوچھ تاچھ کیلئے ایس آئی ٹی کے سامنے رجوع ہوں اور مکمل تعاون کریں۔ ہائیکورٹ نے 21 نومبر کو ایس آئی ٹی کے سامنے حاضر ہونے کیلئے بی ایل سنتوش کو جاری کردہ نوٹس پر حکم التواء عائد کردینے سے بھی انکارکیا تھا۔ن