اسرائیلی فوج کی سب سے بڑی ڈیویژن غزہ سے لبنان کی سرحد پرمنتقل

   

غزہ: اسرائیل کی فوج کی بڑی ڈیویژن کو غزہ سے لبنان کیساتھ سرحدی علاقے میں منتقل کردیا گیا۔ اسرائیلی ریڈیو کے مطابق اسرائیلی فوج کی اعلیٰ قیادت نے مشاورت کے بعد فوج کی سب سے بڑی 36 ڈیویژن کوغزہ سے لبنان کی سرحد پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسرائیلی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد حزب اللہ کی کاررائیوں کا جواب دینا ہے۔ اسرائیلی فوجی ڈیویژن کی منتقلی کے وقت اوراس سے متعلق دیگر تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ اسرائیل نے حماس اور حزب اللہ پر حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت کارروائی کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر سے غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک عورتوں اور بچوں سمیت 28 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔حزب اللہ اور حوثیوں کی جانب سے اسرائیلی افواج اور اسرائیل کی سمت جانے والے جہازوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے جس سے ان علاقوں میں زبردست کشیدگی دیکھی جارہی ہے۔