اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اگر حماس نے غزہ میں موجود تمام اسرائیلی قیدیوں کو رہا نہیں کیا تو وہ حملے کرے گی اور دھمکی دی کہ یہ حملے جنگ بندی سے پہلے کے مقابلے میں مختلف شدت کے ہونگے۔ایک ویڈیو پیغام میں وزیر دفاع کاٹز نے کہا کہ اگر حماس نے یہودیوں کے مقدس دن شببت (ہفتہ) تک اسرائیلی قیدیوں کو رہا نہیں کیا تو وہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا وعدہ پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی نئی جنگ جنگ بندی سے پہلے کے مقابلے میں مختلف شدت کی ہوگی۔ انہوں نے دھمکی دی کہ یہ اس وقت تک ختم نہیں ہوگا جب تک حماس کو شکست نہیں دی جاتی اور تمام قیدیوں کو رہا نہیں کیا جاتا۔کاٹز نے دعویٰ کیا کہ نئے حملوں سے امریکی صدر ٹرمپ کے غزہ میں فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ حماس کی عسکری شاخ عزالدین القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ قیدیوں کے تبادلے کا عمل 15 فروری کو ہونا تھا لیکن اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کے تحت اپنے وعدوں کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے اسے معطل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر غزہ میں موجود تمام قیدیوں کو ہفتہ کی دوپہر تک رہا نہیں کیا گیا تو جنگ بندی منسوخ کر دینی چاہیے۔