اسرائیل اورحماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلہ پر نئی امریکی تجویز

   

واشنگٹن ۔ 13 مئی (ایجنسیز) اسرائیل اور فلسطینی تنظیم حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے پر تعطل کا شکار مذاکرات کو ایک نئی سمت دینے کے لیے امریکی مشن کی تازہ کاوش سامنے آئی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکی ایلچی اسٹیو ویٹکوف نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد نئی تجویز پیش کی ہے، جس کا مقصد غزہ میں جاری جنگ کو وقتی طور پر روک کر انسانی بحران میں کمی لانا ہے۔ اس تجویز کے تحت حماس کے قبضہ میں موجود زندہ اسرائیلی قیدیوں میں سے نصف کو رہا کرنے کے بدلے غزہ پر بمباری روکنے اور ایک عبوری جنگ بندی پر اتفاق کی تجویز دی گئی ہے۔اس عارضی جنگ بندی کا دورانیہ کم از کم 40 دن ہوگا۔ اس دوران انسانی امداد کو غزہ پہنچانے کی اجازت دی جائے گی اور جنگ کے خاتمہ کے لیے ایک وسیع تر سیاسی مذاکراتی مرحلہ کا آغاز ہوگا۔ یہ معلومات اسرائیلی ذرائع نے اسرائیلی چینل 12 کی طرف سے نشر کی گئی ہیں۔