اسرائیل سے امریکی شہری کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ

   

واشنگٹن : امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل میں ایک امریکی شہری کی حال میں ہوئی ہلاکت کی مکمل مجرمانہ تحقیقات اور مکمل احتساب کی توقع رکھتا ہے۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی شہری عمر اسد 12 جنوری کو مردہ پائے گئے تھے، انہیں اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے سے حراست میں لیا تھا۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’ہمیں عمر الاسد کی موت کے حالات پر گہری تشویش ہے۔’ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ان کوششوں کے بارے میں جلد از جلد اضافی معلومات حاصل کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکی حکام اسرائیلی حکومت کے ساتھ اس پریشان کن واقعے پر بات کرتے رہیں گے۔