اسرائیل میں ایرانی جاسوس کیلئے کام کرنے والا شہری گرفتار

   

تل ابیب: اسرائیل میں ایرانی جاسوس کیلئے کام کرنے والے ایک شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسرائیلی حکام نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس پر ایرانی آپریٹو کیلئے کام کرنے کا شبہ ہے ، اسرائیلی اخبار ہاریٹز نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی پولیس اور شن بیت نے شہر بتاح تکفا کے رہائشی 26 سالہ نوجوان کو ایرانی جاسوس کیلئے کام کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا ہے ۔مشتبہ شخص کئی مہینوں سے ایرانی آپریٹو کے ساتھ رابطے میں تھا۔
، اور اس کی رہنمائی میں اس نے رقم کے عوض بتاح تکفا اور روش ھاعین کے علاقوں میں درجنوں مقامات پر دیواروں پر اسپرے پینٹنگ کی۔اسرائیلی تحقیقات کے مطابق گرفتار شہری سے شن بیت کے سربراہ رونن بار کے گھر اور فوجی اڈوں کی تصویر لینے کیلئے بھی کہا گیا تھا، اس سے یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ اسرائیلی فضائیہ میں کسی پائلٹ کو جانتا ہے ، تاہم اس نے یہ مشن انجام نہیں دیے ۔یاد رہے کہ جنوری کے آخر میں حیفہ ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کے دفتر نے بھی 2 اسرائیلی ریزروسٹوں پر رقوم کے بدلے ایران کیلئے جاسوسی کرنے پر فرد جرم عائد کی تھی، ریزروسٹوں میں سے ایک نے آئرن ڈوم یونٹ میں کام کیا تھا اور اسے خفیہ معلومات تک رسائی حاصل تھی، اس نے اپنے ایرانی ایجنٹ کو ویڈیو فوٹیج بھیج کر بتایا تھا کہ سسٹم کیسے چلتا ہے ۔