تل ابیب : اسرائیل نے ایک جاسوسی سیٹلائٹ ’اوفیک 13‘ لانچ کردیا ۔ یہ سیٹلائٹ فوج کے 9900 انٹلی جنس ڈویژن کے زیر انتظام چلنے والے اوفیک سیٹ لائٹ کے بیڑے میں شامل ہو گیا۔ کئی اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے سیٹلائٹ کے بارے میں وضاحت کی ہے۔ اس کے نام کا مطلب افق ہے۔ یہ دن اور رات میں تصویر کشی کی اعلیٰ صلاحیتیں رکھتا ہے۔ مقامی اخبار یدیوت احرونوت کی انگریزی زبان کی ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ’’اوفیک 13‘‘ جب زمین کے گرد مدار میں داخل ہوتا ہے تو اس کی کارکردگی کی سطح کی تصدیق کرنے کے لیے اسے ٹیسٹوں کی ایک سیریز سے گزارا جاتا ہے۔اس جاسوسی سیٹلائٹ کو بحیرہ روم پر پالماچیم ایئر بیس کے تجرباتی میدان سے لانچ کیا گیا۔ سیٹ لائٹ کے متعلق حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ریڈار کی نگرانی کے لیے ہے اور اسے مکمل طور پر اسرائیل میں تیار کیا گیا ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹویٹس لکھے جن میں سے ایک میں انہوں نے کہا کہ میں اسرائیلی سیٹ لائٹ اوفیک 13 کے خلا میں کامیاب روانہ ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔