اسرائیل نے حوثیوں کا ایک اور میزائل حملہ ناکام بنا دیا !

   

تل ابیب : اسرائیل نے ہفتہ کو علی الصبح حوثیوں کی جانب سے داغا جانے والا ایک میزائل فضا میں روک دیا۔ اس سے قبل اسرائیلی طیاروں نے یمن میں صنعاء بین الاقوامی ہوائی اڈے سمیت کئی ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یمن کی جانب سے بھیجے جانے والے میزائل کو اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی تباہ کر دیا گیا۔ اس موقع پر وسطی اسرائیل میں خطرے کے سائرن معمول کے مطابق بجائے گئے۔ اس سے چند گھنٹے قبل یمنی دار الحکومت صںعاء کو نئی بم باری کا نشانہ بنایا گیا۔یمن پر جمعرات کے روز اسرائیلی حملوں میں 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں چار افراد صنعاء کے ہوائی اڈے پر مارے گئے۔جمعے کو حوثی ملیشیا نے اعلان کیا تھا کہ اس نے اسرائیل بالخصوص تل ابیب میں بن گوریون ہوائی اڈے پر میزائل اور ڈرون طیاروں سے حملہ کیا۔ اس کے علاوہ وسطی اسرائیل میں ایک “اہم ہدف” اور بحیرہ عرب میں ایک جہاز کو بھی ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔