جناب زاہد علی خاں کی اپیل، فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی برقراری اہمیت کی حامل
حیدرآباد ۔2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے ائمہ اور مؤذنین سے اپیل کی کہ کل جمعہ کے موقع پر مسلمانوں کو فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم SIR کی اہمیت و افادیت سے واقف کرائیں تاکہ مسلم رائے دہندوں کے نام فہرست سے حذف ہونے نہ پائیں۔ ائمہ اور مؤذنین کے نام اپیل میں جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ مسلمانوں میں SIR مہم کے تعلق سے کئی اندیشے ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ الیکشن کمیشن نے بوتھ لیول آفیسرس کو گھر گھر روانہ کرنے کا فیصلہ کیا اور 24 جولائی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ووٹر لسٹ میں ناموں کی شمولیت اور برقراری کیلئے مسلمانوں کو تمام درکار دستاویزات کے ساتھ تیار رہنا چاہئے ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں ایس آئی آر مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور مسلمانوں کو اس مہم میں حصہ لے کر اپنے ناموں کی برقراری کو یقینی بنانا چاہئے ۔ ووٹ کا حق ہر شخص کیلئے دستوری حق کی طرح ہے اور ایس آئی آر مہم کے ذریعہ مخالف مسلم طاقتیں جو سازش کر رہی ہیں ، اس کا اظہار مغربی بنگال اور بہار میں دیکھنے کو ملا جہاں لاکھوں مسلمانو ںکے ناموں کو حذف کردیا گیا ۔ جناب زاہد علی خاں نے ائمہ اور مؤذنین سے اپیل کی کہ وہ نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مسلمانوں کو ایس آئی آر میں حصہ لینے کی ترغیب دیں اور اس مہم کی اہمیت سے واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ائمہ اور مؤذنین کو چاہئے کہ وہ اینومریشن فارمس کو پُر کرنے مساجد میں فارمس کے نمونے پیش کرکے مسلمانوں کی رہنمائی کریں گے۔1/k