اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ، تہران، شیراز اور کرج میں دھماکے، 4 فوجی جاں بحق

,

   

100سے زائد طیاروں اور ڈرونز کا استعمال‘ منہ توڑ جوابی حملے کیلئے اسرائیل تیار رہے، حملہ کے بعد تہران کی وارننگ

تہران : اسرائیل نے یکم اکتوبر کے ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایرانی دارالحکومت تہران، شیراز اور کرج پر فضائی حملہ کردیا۔ایران کے سرکاری میڈیا نے تہران میں دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور اس کے قریبی شہر کرج میں 5 دھماکوں کی آوازیں سنیں گئیں۔عرب میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کے ہیڈکوارٹرکے قریب دھماکے سنے گئے جبکہ تہران پر اسرائیلی حملے کے بعد کئی مقامات پر آگ لگ گئی، تہران میں ایک عمارت میں آگ لگنے کی بھی اطلاع سامنے آئی تھی تاہم تہران کے محکمہ فائر بریگیڈ نے واضح کیا تھا کہ اس عمارت کا وزارت دفاع سے کوئی تعلق نہیں۔ایران نے اسرائیل کے حملوں میں زیادہ نقصان نہ ہونے کی دعویٰ کیا جبکہ ایک اطلاع کے مطابق عارضی طور پر بند فضائی خدمات بحال کردی گئیں ۔ اسی طرح عام زندگی بھی صبح ہوتے ہی بحال ہوگئی ہے ۔ایران نے اسرائیلی حملوں میں 4 فوجیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔ایرانی فوج کی جانب سے جاری مختصر بیان کے مطابق ہفتے کی صبح اسرائیل نے ایران میں فوجی ٹھاکانو کو نشانہ بنایا۔ حملے میں 2 ایرانی فوجی اپنی سرزمین کے دفاع میں جاں بحق ہوئے۔اسرائیل نے ایران کے اندر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ سعودی عرب سمیت متعدد ممالک نے ایران پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے فریقین سے تحمل سے کام لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکہ نے حملے پر ردعمل میں کہا ہے کہ اب ایران اور اسرائیل کو ایک دوسرے پر حملے بند کردینا چاہیے۔ ایران فوج نے صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اسے منہ توڑ اور حیران کن جواب ملے گا۔ ایران نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں تل ابیب کو کہا ہے کہ اب جوابی کارروائی کے لیے تیار رہے۔ اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کے بعدمشرقی وسطی پر جنگ کے سائے منڈلانے لگے۔ اسرائیل نے رات گئے ایران پر میزائل حملے کردیے جسے ایرانی میڈیا کے مطابق ملکی دفاعی نظام نے ناکام بنادیا۔اسرائیلی جنگی طیاروں نے ایرانی کی فضائی حدود میں کئی گھنٹے تک کارروائی کی اور متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ ایرانی فوجی ذرائع نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے اور یقینا اسرائیل کو کسی بھی اقدام کا منہ توڑ جواب ملے گا۔ ایران فوجی ذرائع نے صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اسے منہ توڑ اور حیران کن جواب ملے گا۔فوجی ذرائع نے مزید کہا کہ ایران رد عمل میں نہ تو تاخیر اور نہ ہی جلد بازی کرے گا۔ ایران اس حملے کو یاد رکھے گا اور احمق کو سزا دینا کبھی نہیں بھولے گا جو اس طرح دی جائے گی کہ ہر بار دشمن حیران رہ جائے گا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہیکہ اسرائیل کے حملے کے بعد اگر ایران کی جانب سے مزید کوئی نئی کارروائی کی گئی تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارا پیغام واضح ہے، اگر ایرانی حکومت کشیدگی کے نئے دور میں داخل ہونے کی غلطی کرتی ہے تو پھر ہم جواب دینے کے لیے مزید تیار ہوں گے۔اسرائیل نے ایران پر تازہ فضائی حملہ کیا جس میںتہران، شیراز اور کرج کو نشانہ بنایا گیا جس کی ایران نے تصدیق کردی ہے۔ادھر اسرائیل کے ترجمان نے مزید کہا کہ وہ تمام قوتیں جنہوں نے اسرائیل کو دھمکیاں دیں اور اسے خطے میں کشیدگی کے ایک نئے دور میں گھسیٹنے کی کوشش کررہی ہیں ان سب کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہیکہ اسرائیل نے ایران میں متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے جب کہ اس دوران کسی آبادی پر حملے نہیں کیے گئے۔بائیڈن انتظامیہ کا کہنا ہیکہ امریکا اسرائیل کے مخصوص اہداف کو نشانہ بنانے کی کارروائی سے واقف ہے اور صدر بائیڈن نے بھی اسرائیل پر زور دیا تھا کہ عام شہریوں کی ہلاکت کے امکانات کو کم سے کم رکھ کر مخصوص اہداف پر حملوں پر ہی توجہ دی جائے۔امریکی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اگر ان حملوں کے بعد ایران کوئی جواب دیتا ہے تو امریکا اسرائیل کی مدد کیلئے پوری طرح تیار ہے تاہم ہمیں امید ہیکہ اسرائیلی کارروائی دونوں ممالک کے درمیان فوجی کشیدگی کو ختم کردے گی۔